پنچایت نے ریپ کا نشانہ بننے والی لڑکی کو ہی 5 ہزار روپے جرمانہ کردیا
نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت میں پنچایت نے اجتماعی جنسی زیادتی کا نشانہ بننے والی لڑکی کو ہی 5ہزار روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق یہ انسانیت سوز واقعہ بھارتی ریاست چھتیس گڑھ کے ضلع جیش پور میں واقع ایک گاﺅں میں پیش آیا جہاں دو بدقماشوں نے ایک 23سالہ لڑکی کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بناڈالا۔ یہ معاملہ پنچایت میں پہنچا تو پنچایت نے دونوں ملزمان کو 5، 5ہزار روپے جرمانہ کرکے معاملہ نمٹا دیا تاہم لڑکی نے واقعے کی رپورٹ پولیس کو کر دی۔
پولیس کو رپورٹ کیے جانے پر پنچایت دوبارہ بیٹھی اور پولیس کے پاس جانے کے ’جرم‘ میں لڑکی کو بھی 5ہزار روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ”لڑکی کی طرف سے جنسی زیادتی کی رپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کشور اور سندیپ کو گرفتار کر لیا گیا ہے تاہم لڑکی کو جرمانہ کیے جانے کی ہمیں تاحال تحریری رپورٹ نہیں کی گئی۔ پھر بھی ہم نے اس معاملے پر بھی تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔“