زراعت سے متعلقہ ہر شعبے کی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے: وزیراعظم

زراعت سے متعلقہ ہر شعبے کی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے: وزیراعظم
زراعت سے متعلقہ ہر شعبے کی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے: وزیراعظم

  



اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ زراعت سے متعلقہ ہر شعبے کی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے،حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ سی پیک میں شامل کئے جانے کے بعد زراعت کے شعبے میں چینی مہارت سے بھرپور استفادہ کیا جائے۔

تفصیلات کے مطابق  وزیرِ اعظم عمران خان سے وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ مخدوم خسرو بختیار نے وزیرِ اعظم آفس میں ملاقات کی، وزیرِ اعظم عمران خان نے مخدوم خسرو بختیار کی بطور وزیرِ منصوبہ بندی اور خصوصا سی پیک منصوبے کانیافیز شروع کرنے اورجاری منصوبوں میں پیش رفت کی رفتار کو تیز کرنے اور اِنہیں عملی جامہ پہنانے کے سلسلے میں کی گئی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ سی پیک منصوبے کے نئے فیز میں اہم شعبہ جات مثلا زراعت، غربت کا خاتمہ، صنعت، توانائی، مواصلات وغیرہ جیسے اہم شعبے اس منصوبے کا حصہ بنائے گئے ہیں،ملکی معیشت میں زراعت کی اہمیت کے پیش نظر انہیں نئی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں تاکہ زراعت کے شعبے میں ترقی کا عمل تیز ہو۔وزیرِ اعظم عمران خان کا کہنا تھا زراعت سے متعلقہ ہر شعبے کی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے،ملکی جی ڈی پی میں زراعت کے شعبے کا حصہ اورملکی ورک فورس کا پچاس فیصد حصے کا اس شعبے سے وابستہ ہونا زراعت کی ملکی معیشت میں اہمیت کا عکاس ہے۔حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ سی پیک میں شامل کیے جانے کے بعد زراعت کے شعبے میں چینی مہارت سے بھرپور استفادہ کیا جائے اور کسانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے متعارف کرایا جائے اور نئے طریقہ کار اختیار کیے جائیں تاکہ زرعی شعبے میں ملکی پیداوار کو بڑھایا جا سکے۔وزیرِ اعظم عمران خان نے امید ظاہر کی کہ مخدوم خسرو بختیار اپنی توانائیاں زراعت کے شعبے کی ترقی کے لئے بھرپور طریقے سے برے کار لائیں گے۔

مزید : قومی