”میں بابراعظم کو ایکشن میں دیکھنے کیلئے اور انتظار نہیں کر سکتا“ رکی پونٹنگ نے پاکستانیوں کا سر فخر سے بلند کر دیا

”میں بابراعظم کو ایکشن میں دیکھنے کیلئے اور انتظار نہیں کر سکتا“ رکی پونٹنگ ...
”میں بابراعظم کو ایکشن میں دیکھنے کیلئے اور انتظار نہیں کر سکتا“ رکی پونٹنگ نے پاکستانیوں کا سر فخر سے بلند کر دیا

  



برسبین (ڈیلی پاکستان آن لائن) آسٹریلین کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور لیجنڈ بلے باز رکی پونٹنگ نے کہا ہے کہ میں بابراعظم کو آسٹریلیا کیخلاف ٹیسٹ میچوں میں ایکشن میں دیکھنے کیلئے مزید انتظار نہیں کر سکتا۔

تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کیلئے 2003ءاور 2007ءمیں ورلڈکپ جیتنے والے رکی پونٹنگ نے بابراعظم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ”ہم نے ابھی تک بابراعظم کی بہترین کارکردگی نہیں دیکھی۔ 20 ٹیسٹ میچوں میں ان کی اوسط 35 ہے اور بابراعظم اس سے کہیں زیادہ بہتر ہیں۔ ون ڈے کرکٹ میں ان کی اوسط 54 اور سٹرائیک ریٹ 90 ہے۔ وہ ایک بہت ہی کلاسی کھلاڑی اور زبردست ٹیلنٹ ہیں اور شائد یہی وہ کھلاڑی ہیں جنہیں میں رواں کرکٹ سیزن میں سب سے زیادہ کھیلتے ہوئے دیکھوں گا۔ میں نے بہت سے آسٹریلینز کو کھیلتے ہوئے دیکھا ہے اور نیوزی لینڈ کے کئی کھلاڑیوں کو بھی دیکھا لیکن میں بابراعظم کو ایکشن میں دیکھنے کیلئے بہت پرجوش ہوں، وہ کچھ بھی ہو سکتے ہیں۔“

رکی پونٹنگ نے ورلڈکپ میں آسٹریلیا کیخلاف میچ میں بابراعظم کی کارکردگی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ”ایسا لگ رہا تھا جیسے وہ بہت ہی مختلف کھیل پیش کر رہے ہیں۔ جیسے ہی ہم نے اوور پچ گیندیں کیں تو انہوں نے کور پر ڈرائیوز مارنا شروع کر دیں اور جب شارٹ بالز کی گئیں تو انہوں نے فوراً ہی اپنا انداز تبدیل کرتے ہوئے خود کو باﺅلنگ کے مطابق ڈھال لیا اور بیٹنگ کرتے رہے۔“

مزید : کھیل