”میرا جو ایکشن رپورٹ ہوا وہی بعد میں کلیئر قرار دیدیا گیا اور۔۔۔“ پاکستانی آف سپنر بلال آصف نے حیرت انگیز انکشاف کر دیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کے آف سپنر بلال آصف نے انکشاف کیا ہے کہ 2015ءمیں باﺅلنگ ایکشن رپورٹ ہونے کے بعد انہوں نے اپنا ایکشن تبدیل نہیں کیا اور اسی ایکشن کو کلیئر قرار دیا گیا تھا جو ایکشن رپورٹ ہوا تھا۔
تفصیلات کے مطابق آف سپنر بلال آصف کے باﺅلنگ ایکشن کو 2015ءمیں زمبابوے کےخلاف سیریز کے بعد امپائرز نے رپورٹ کیا تھا تاہم چنئی میں آئی سی سی لیب سے ٹیسٹ کے بعد بلال آصف کے ایکشن کو کلیئر قرار دے دیا گیا تھا۔
میڈیا سے گفتگو میں بلال آصف نے کہا کہ امپائرز نے ان کا ایکشن ”نیکیڈ آئی“ سے رپورٹ کیا تھا بعد میں آئی سی سی بائیو میٹرکس لیب میں ان کے نارمل باﺅلنگ ایکشن اور دوسرا کراتے کے باﺅلنگ ایکشن کو بھی ٹیسٹ کیا گیا اور دونوں کو کلیئر قرار دیا گیا۔
بلال آصف نے اس بات کا انکشاف کیا کہ انہوں نے اپنے ایکشن میں کوئی تبدیلی نہیں کی تھی ، آئی سی سی قوانین کے مطابق امپائرز جب رپورٹ کرتے ہیں تو ایک پراسس سے گزرنا پڑتا ہے اور وہ اس پراسس سے گزرے۔