چودھری منظور نے عدلیہ سے بڑا سوال کردیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)پیپلز پارٹی کے رہنما چودھری منظور احمد نے کہا نوازشریف ملک سے باہر گئے ہیں ہمیں خوشی ہے لیکن ہماراعدلیہ سے سوال ہے کہ کیا آصف زرداری علاج کیلئے کراچی نہیں جاسکتے ؟تحریک انصاف نے احتساب صرف اپنے مخالفین کاکرنا ہے۔
دنیا نیوز کے پروگرام ”آن دا فرنٹ“میں گفتگو کرتے ہوئے چودھری منظور احمد نے کہا کہ تحریک انصاف ایسی بکری ہے جو مینگنیاں ڈال کردودھ دیتی ہے اور وہ مینگنیاں عدالت نے نکال دیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یاتو حکومت کہتی کہ ہم جانے کی اجازت نہیں دیں گے اور یا پھر جانے دیتے مگر جو شرائط حکومت نے رکھیں جیسے انڈیمنٹی بانڈ توایسی شرائط عدالت نے نکال دی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چیئر مین نیب نے کہاہے کہ اب حکومت کی طرف جائیں گے جس کا مطلب یہ ہے کہ اس سے پہلے حکومت کے ساتھ کچھ نہیں ہورہاتھا لیکن مجھے امید ہے کہ اب بھی ان کے ساتھ کچھ نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیر خزانہ اسدعمر نے فلور آف دی ہاﺅس کہا کہ چینی کی قیمت میں 20روپے کلو کا اضافہ بہت بڑا سکینڈل ہے ، اس کی تحقیقات ہونی چاہئے۔ ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف ملک سے باہر گئے ہیں ہمیں خوشی ہے لیکن ہماراعدلیہ سے سوال ہے کہ کیا آصف زرداری علاج کیلئے کراچی نہیں جاسکتے ؟تحریک انصاف نے احتساب صرف اپنے مخالفین کاکرنا ہے۔