نواز شریف قومی ہیرو، علاج کیلئے صدقہ زکوٰة جمع کرائیں، لندن میں چندے کے پوسٹرز لگ گئے، اے آر وائی نیوز کا دعویٰ
لندن (ڈیلی پاکستان آن لائن) نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز نے دعویٰ کیا ہے کہ لندن میں نواز شریف کے علاج کیلئے چندے کی اپیل پر مبنی پوسٹرز آویزاں کردیے گئے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف کے علاج کیلئے لندن میں مقیم پاکستانیوں سے چندے کی اپیل کی گئی ہے۔ چندے کی اپیل کے پوسٹرز ایسٹ لندن کی دکانوں پر لگائے گئے ہیں جن پر لکھا گیا ہے کہ قومی ہیرو کیلئے صدقہ زکوٰة جمع کرائیں۔ ایسٹ لندن کے علاقے میں پاکستانیوں کی بڑی تعداد مقیم ہے۔
یہ واضح نہیں ہوسکا کہ یہ پوسٹرز کس نے لگائے ہیں، کیا یہ ن لیگ کی طرف سے لگائے گئے ہیں یا کسی نے شرارت کی ہے؟ اس حوالے سے ن لیگ کا موقف سامنے نہیں آسکا ہے۔
خیال رہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف منگل کو قطر کے شاہی خاندان کے خصوصی ایئر ایمبولینس میں لندن پہنچے تھے جہاں بدھ کے روز ان کے گائیز اینڈ تھامس ہسپتال میں مختلف ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔