زلفی بخار ی کا اہم اجلاسوں میں بیٹھنا ملکی سلامتی کیلئے خطرہ ہے ، ڈاکٹر شاہد مسعود کا دعویٰ
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) تجزیہ کارڈاکٹر شاہدمسعود نے کہاہے کہ زلفی بخاری اووسیز پاکستانیوں کے مشیر ہیں لیکن سعودی ولی عہد کے ساتھ ملاقات میں ان کا کیا کام ہے ؟ زلفی بخاری کااس طرح کی ملاقاتوں میں بیٹھنا قومی سلامتی کیلئے خطرہ ہے، ایک بار تو انھیں اس طرح کی میٹنگ سے اٹھا دیا گیا تھا۔
نجی نیوز چینل جی این این کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر شاہد مسعود نے کہا کہ پاکستان کی 64فیصد آباد ی کی عمر 30سال سے کم ہے جوپاکستان کا مستقبل ہے ، اب مسئلہ یہ ہے کہ ضیاءالحق کی کابینہ کی باقیات جان ہی نہیں چھوڑ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کوپتہ ہونا چاہئے کہ باہر بھی ملاقاتیں ہورہی ہیں۔عمران خان کومراد سعید بڑے اچھے لگتے ہیں لیکن چائنہ کے مراد سعید کے بارے میں تحفظات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ زلفی بخاری اووسیز پاکستانیوں کے مشیر ہیں لیکن سعودی ولی عہد کے ساتھ ملاقات میں ان کا کیا کام ہے ؟ میں نے یہ بات زلفی بخاری کو بھی بتائی کہ آپ کا ان ملاقاتوں میں کیا کام ہے ؟شاہد مسعود کا کہنا تھا کہ زلفی بخاری کااس طرح کی ملاقاتوں میں بیٹھنا قومی سلامتی کیلئے خطرہ ہے۔ ایک بار تو انھیں اس طرح کی میٹنگ سے اٹھا دیا گیا تھا۔