جمعہ گوٹھ کے بارش سے متاثرہ مکانوں کی تعمیر کا عمل مکمل

 جمعہ گوٹھ کے بارش سے متاثرہ مکانوں کی تعمیر کا عمل مکمل

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
 کراچی (پ ر)ابراہیم حیدری کے گاؤں جمعہ گوٹھ میں بارش سے متاثرہ گھروں کی تعمیر کے لئے جاری ہاؤسنگ پراجیکٹ کی تکمیل کے موقع پر ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر روٹری کلب سی کے نیو سینٹرل ایگزیکٹو ممبران‘ میڈیا اور گیئر (GEAR) (نمائندہ روزگار متبادل برائے خود انحصاری) کے نمائندوں کا ایک وفد ابراہیم حیدری کے گاؤں جمعہ گوٹھ پہنچا۔ روٹری ڈسٹرکٹ 3271 کے موجودہ ڈسٹرکٹ گورنر ڈاکٹر پروفیسر فرحان عیسیٰ عبداللہ نے تقریب میں بطور خاص شرکت کی۔جمعہ گوٹھ میں قائم کمیونٹی ہال میں جہاں GEAR کی جانب سے تربیت حاصل کرنے کے خواہشمندوں کو پیشہ ورانہ تربیت دی جاتی ہے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کلب کی صدر عالیہ حسن نے اس علاقے کے رہائشیوں کی حالت زار کے حوالے سے حاضرین کو آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا ”بارش نے ان لوگوں کے سروں سے چھت اور پیروں سے زمین چھین لی۔ہمیں جب اس حوالے سے علم ہوا تو ہم نے ایک سروے کے بعد ان خاندانوں کی نوآبادکاری کیلئے چندہ اکٹھا کرنے کا فیصلہ کیا۔ مجھے اس بات پر فخر ہے کہ ہم نے اپنے ذرائعوں کو استعمال کرکے‘ایک ماہ کے اندر اندر 25گھروں کو تعمیر کردیا۔ یہ کارہائے نمایاں گیئر کی ٹیم کی انتھک اور بے لوث کوششوں کی بدولت ممکن ہوسکا ہے۔“گیئر کی جانب سے محترم فاروق اور محترم ضمیر حسین نے بھی اس علاقے کے کمیونٹی لیڈرکی طرح تعاون اور امدادی کاموں کا تسلسل جاری رہنے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ ڈسٹرکٹ گورنر فرحان عیسیٰ نے کلب کی کاوشوں کو سراہا اور اپنی جانب سے دو گھروں کی کفالت کرنے کی پیش کش کی۔کووڈ 19 کے سبب اس تقریب میں مختصر تعداد میں لوگوں کو مدعو کیا گیا تھااس وجہ سے تقریب میں بحال شدہ گھرانوں کے کچھ افراد کو مدعو کیا گیا جنہیں موسم سرما کے مسائل سے نمٹنے کے لئے کمبل‘حفظان صحت کے پیکیج اور بچوں کے لئے تحائف پیش کئے۔ یہ تحائف دیگر خاندانوں کو ان کے گھروں پر پہنچا دیئے جائیں گے۔ بریفنگ کے بعدتمام افراد ازسرنو تعمیر شدہ مکانات دیکھنے کے لئے گئے۔اس موقع پر ربن کاٹنے کا فریضہ ڈی جی فرحان عیسی نے انجام دیا۔