ڈپٹی کمشنر کوہاٹ کا یونین کونسل زیارت شیخ اللہ داد میں کھلی کچہری کا انعقاد

ڈپٹی کمشنر کوہاٹ کا یونین کونسل زیارت شیخ اللہ داد میں کھلی کچہری کا انعقاد

  

پشاور(سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنرکوہاٹ کیپٹن (ر) عبدالرحمن نے ضلع کے دورافتادہ یونین کونسل زیارت شیخ اللہ داد میں کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے شرکاء کو یقین دلایا ہے کہ کھلی کچہری میں پیش کردہ زیاد ہ تر بنیادی ضروریا ت کو ایریا ڈیویلپمنٹ پراجیکٹ میں شامل کیا جائے گا جن سے لوگوں کے زیادہ ترمسائل خود بخودحل ہوجائیں گے جبکہ انتظامیہ اوردیگر محکموں سے متعلق مسائل بعض موقع پرجبکہ باقی ماندہ ایک ہفتہ کے اندر اندر حل کردئیے جائیں گے۔ کھلی کچہری میں اسسٹنٹ کمشنر طلحہ زبیر،دیگر انتظامیہ افسران اورلائن ڈیپارٹمنٹس کے اعلیٰ حکام شریک ہوئے جنہوں نے موقع پرلوگوں کے سوالات کے جوابات دئیے اورپیش کردہ مسائل کیلئے ڈیڈ لائن بھی دیا۔ڈپٹی کمشنر نے محکمہ تعلیم اورصحت کے حکام کوسختی سے ہدایت کی کہ وہ سکولوں اورہسپتالوں میں عملے کی کمی فوری طورپردورکریں اوراس سلسلے میں انہیں عمل درآمد کی رپورٹ پیش کریں۔ انہوں نے ضمیر گل ڈیم کے متاثرین کے مسائل اورمعاوضے کے معاملات فوری طورپرحل کرنے کے علاوہ پولیس چوکی کو ایک ہفتے کے اندراندرایک گاڑی اورایک موٹرسائیکل دینے کی بھی ہدایت کی اورکہا کہ علاقے میں امن وامان برقرار رکھنے کیلئے پولیس گشت بھی بڑھائی جائے۔انہوں نے عوام کی شکایت پرزیارت شیخ اللہ داد میں حال ہی میں تعمیر ہونے والے پُل کی میٹریل کی فرانزک کوالٹی چیکنگ کرنے اوراس سلسلے میں انہیں رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔انہوں نے یونین کونسل زیات شیخ اللہ داد کیلئے آٹا اورچینی کا کوٹہ مقرر کرنے،ماہی پروری کوترویج دینے اور جنگلات لگانے کیلئے سروے کرنے کا اعلان بھی کیا۔ انہوں نے گاؤں سین اورتورہ ستنہ کے حد براری کا حکم بھی صادر کیا۔عوام نے اس پسماندہ علاقے میں ڈپٹی کمشنر سمیت تمام سرکاری حکام کے آمد اوران کے مسائل کے حل میں گہری دلچسپی لینے پرسب کاشکریہ ادا کیا۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -