درپیش چیلنجز کے باوجود کورونا پر قابو پانے کیلئے پختہ عزم کررکھا ہے: ڈاکٹر فیصل سلطان
اسلام آباد (آن لائن) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے درپیش چیلنجز اور مشکلات کے باوجود پاکستان نے کوویڈ 19 کی وباء پر قابو پانے کیلئے پختہ عزم کر رکھا ہے دنیا بھر کے ممالک کی طرح ہم بھی پیدا ہونے والی صورتحال کے مطابق بروقت اور ضروری اقدامات کو یقینی بنا ر ہے ہیں اس ضمن میں ہم نے اپنے وسائل اور استعداد کار کو بروئے کار لا ر ہے ہیں اور تمام ایمرجنسی ہیلتھ کیئر اداروں میں انفیکشن کی روک تھام کو یقینی بنار ہے ہیں ان خیالات کا اظہار عالمی ادارہ صحت مشرقی بحیرہ روم کے وزراء صحت کی ورچوئل پریس بریفنگ میں کیا جس میں انہوں نے پاکستان میں کرونا وائرس پر قابو پانے کیلئے جاری کوششوں کے بارے میں تفصیلی طور پر بتایا ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا پاکستان صرف کورونا وائرس سے ہی متاثرہ ملک نہیں ہے بلکہ ہماری عوام کو قدرتی آفات عدم تحفظ اور کئی دیگر ایمرجنسی حالات کا بھی سامنا ہے اور ہم پولیو کے خاتمے کیلئے بھی مؤثر اقدامات کر رہے ہیں پولیو کا عملہ اور وسائل اب کورونا کی وباء پر قابو پانے کیلئے استعمال ہو رہے ہیں ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ پاکستان نے وباء کے آغاز سے ہی کورونا پر بڑی کامیابیاں حاصل کیں اور ہم جولائی اور اگست میں اس وباء کا پھیلاؤ خاطر خواہ طور پر روکنے میں بھی کامیاب ہوئے تاہم دیگر ممالک کی طرح لاک ڈاؤن میں نرمی کی وجہ سے اکتوبر میں کوویڈ کے کیسز دوبارہ رونما ہو گئے۔انہوں نے مزید کہا کہ اکتوبر میں عالمی ادارہ صحت کے مشرقی بحیرہ روم خطہ کے دفتر کی ٹیم نے پاکستان کا دورہ کیا تاکہ کورونا پر قابو پانے میں پاکستان کی کامیابیوں سے استفادہ حاصل کیا جاسکے اور ٹیکنیکل اور سٹرٹیجک رہنمائی حاصل کی جائے انہوں نے کہا پاکستان میں صحت کی ضروری اور لازمی خدمات کو یونیورسل ہیلتھ کوریج کے عین مطابق بنانے کیلئے بھی کام شروع کرکے اقدامات کئے جارہے ہیں اور اس ضمن میں تولیدی زچہ بچہ نوزائیدہ بچوں کی صحت اور غذائی خدمات کو ترجیح دی جاے گی۔
ڈاکٹر فیصل سلطان