تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ خادم حسین رضوی انتقال کر گئے، نماز جنازہ کل ادا کی جائیگی

تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ خادم حسین رضوی انتقال کر گئے، نماز جنازہ کل ادا ...

  

 لاہور،اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں)تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ خادم حسین رضوی انتقال کرگئے جن کی نماز جنازہ کل بروز ہفتہ 11بجے صبح مینار پاکستان گرا ؤ نڈ میں ادا کی جائیگی۔فیملی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ خادم حسین رضوی کو گزشتہ چند روز سے بخار تھا اور وہ انتقال کرگئے ہیں۔مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر صحافی زاہد گشکور ی نے علامہ خادم حسین رضوی کے فیملی ذرائع سے تصدیق کرکے بتا یا ہے کہ علامہ خادم حسین رضوی کی نماز جنازہ آج تین بجے مینار پاکستان گراؤنڈ میں ہو گی۔ تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ خادم حسین رضوی کی عمر 54برس تھی ٹی ایل پی کے دوسرے گروپ کے سربراہ آصف جلالی نے بھی خادم حسین رضوی کے انتقال کی تصدیق کی۔تفصیلات کے مطابق خادم حسین رضوی نے گزشتہ دنوں فیض آباد میں ہونیوالے ٹی ایل پی کے دھرنے کی بھی قیادت کی تھی اور اسی دوران انہیں بخار ہوا تھا۔طبیعت بگڑنے پر خادم حسین رضوی کو شیخ زاید ہسپتال لے جایا گیا جہاں ان کا انتقال ہوگیا۔مرحوم کی میت ہسپتال سے گھر منتقل کردی گئی ہے، گھر کے باہر بڑی تعداد میں ٹی ایل پی کے کارکن اور ان کے عقیدت مند موجود ہیں۔مرحوم کا تعلق ضلع اٹک سے تھا، وہ 22 جون 1966 کو ’نکہ توت‘ میں پیداہوئے ان کے والد کا نام حاجی لعل خان تھا۔مرحوم نے جہلم ودینہ کے مدارس دینیہ سے حفظ و تجویدکی تعلیم حاصل کی اور جامعہ نظامیہ رضویہ لاہور سے درس نظامی کی تکمیل کی،وہ حافظ قرآن ہونے کے علاوہ شیخ الحدیث اور فارسی زبان پر بھی عبور رکھتے تھے۔ عرصہ قبل علامہ خاد م حسین کا ٹریفک حادثہ ہوا تھا جس کی وجہ سے وہ معذور تھے اور چل نہیں سکتے تھے۔

خادم رضوی انتقال

مزید :

صفحہ اول -