وزیراعظم عمران خان کی مرحوم خادم رضوی کے اہلخانہ سے تعزیت

 وزیراعظم عمران خان کی مرحوم خادم رضوی کے اہلخانہ سے تعزیت

  

 اسلام آباد،لاہور، کراچی (سٹاف رپورٹرز)  وزیراعظم عمران خان نے تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ مولانا خادم حسین رضوی کے انتقال پر دلی افسوس اور دکھ کا اظہار کیا ہے۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری بیان میں انکا کہنا تھا مولانا خادم حسین رضوی کی رحلت پر میں ان کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ ان للہ وانا الیہ راجعون۔ادھر وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے بھی امیر تحریک لبیک پاکستان علامہ خادم رضوی کی وفات پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا میں ان کے اہلخانہ اور تحریک لبیک کے کارکنان سے دلی تعزیت کرتا ہوں۔ خادم حسین رضوی کی وفات کا سن کر دکھ ہوا، اللہ رب العزت انہیں جنت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے بھی مولانا خادم حسین رضوری کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت اور سوگواران کو صبر جمیل عطا فرمائے۔امیر جما عت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے تحریک لبیک کے سربراہ علامہ خادم حسین رضوی کی وفات پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا علامہ خادم حسین رضوی کی اچانک وفا ت سے دلی صدمہ ہوا۔ اہل خانہ اور تحریک لبیک کے کارکنان و ذمہ داران کے غم میں برابر کے شریک ہیں، اظہار تعزیت کرتے ہیں اور اللہ تعالی کے حضور ان کی مغفرت کیلئے دعا گو ہیں۔ اللہ تعالی انھیں جنت الفردوس میں جگہ دے اور لواحقین کو صبرجمیل سے نوازے۔ پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین، سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی، مونس الٰہی ایم این اے اور سینیٹر کامل علی آغا نے تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ مولانا خادم حسین رضوی کے انتقال پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا۔ انہوں نے اپنے تعزیتی پیغام میں دعا کی کہ اللہ عزوجل خادم حسین رضوی کے درجات بلند، انہیں جنت الفردوس، ان کے لواحقین و معتقدین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے تحریک لبیک کے سربراہ مولانا خادم حسین رضوی  کے انتقال پرگہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان  ایک بڑے عالم دین اور سچے عاشق رسول سے محروم ہو گیا، دین اسلام کیلئے انکی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔ جمعرات کو اپنے ایک تعزیتی  بیان میں  انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان  ایک بڑے عالم دین اور سچے عاشق رسول سے محروم ہو گیا۔ نورالحق قادری  نے کہاکہ  دین اسلام کیلئے انکی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔ اللہ تعالی انکے درجات بلند فرمائے اور اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔

تعزیت

مزید :

صفحہ اول -