گلگت بلتستان،پی ٹی آئی کو حکومت سازی کیلئے 4آزاد ارکان کی حمایت مل گئی

گلگت بلتستان،پی ٹی آئی کو حکومت سازی کیلئے 4آزاد ارکان کی حمایت مل گئی

  

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) گلگت بلتستان عام انتخابات میں کامیاب ہونے والے 4آزاد ارکان اسمبلی نے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کردیا۔گلگت بلتستان انتخابات کے بعد حکومت سازی کا عمل شروع ہوگیا ہے۔ گلگت بلتستان اسمبلی کے الیکشن جیتنے والے 4آزاد امیدوار تحریک انصاف میں شامل ہوگئے۔ اس موقع پر آزاد اراکین نے وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور، سیف اللہ نیازی اور ارشد داد سے ملاقات کی۔نومنتخب آزاد ارکان وزیر محمد سلیم، ناصر علی خان، مشتاق حسین اور حاجی عبدالحمید نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ وزیر محمد سلیم جی بی 9،ناصر علی خان جی بی 10،مشتاق حسین جی بی 22 اور حاجی عبدالحمید جی بی 23گانچھے سے الیکشن جیتنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ جی بی الیکشن میں تحریک انصاف نے 10نشستیں، پیپلز پارٹی 3اور(ن)لیگ نے2 نشستیں حاصل کی ہیں جبکہ 7نشستوں پر آزاد امیدوار فتح یاب ہوئے۔4آزاد ارکان کی شمولیت کے نتیجے میں پی ٹی آئی کی نشستیں 14ہوگئی ہیں اور وہ باآسانی حکومت سازی کرسکتی ہے۔

آزاد ارکان

مزید :

صفحہ اول -