جی بی الیکشن نتائج میں اتنی تاخیر کیوں؟ اسلام آباد میں بیٹھی حکومت جنوری تک کی مہمان: بلاول بھٹو

        جی بی الیکشن نتائج میں اتنی تاخیر کیوں؟ اسلام آباد میں بیٹھی حکومت ...

  

گلگت (مانیٹرنگ ڈیسک،نیوز ایجنسیاں) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ اسلام آبادمیں بیٹھی حکومت جنوری تک کی مہمان ہے،پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے گلگت بلتستان کاکیس عوام کے سامنے لیکرجائیں گے۔ گلگت میں خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا گلگت بلتستان کے عوام سب سے زیادہ پیپلزپارٹی کیساتھ ہیں، الیکشن میں واضح اکثریت نے ہمارا ساتھ دیا، عوام ووٹ کے تحفظ کی جدوجہد تک ہمارے ساتھ رہے۔ الیکشن کمشنر ڈھٹائی سے ٹی وی پرکہہ رہے ہیں کہ انتخابات شفاف تھے، الیکشن کمشنر نے ہمارے امیدوارکوبھی الیکشن مہم کاحصہ نہیں بننے دیا،ہم پہلے دن سے کہہ رہے ہیں یہ الیکشن کمیشن نہیں پی ٹی آئی کاالیکشن ونگ ہے، آرٹی ایس کابہانہ بھی نہیں مگرپتانہیں ہمیں فائنل رزلٹ دینے میں کیوں تاخیرکی جارہی ہے۔ تحریک انصاف والے ہرآزادامیدوارکے پاس جاکرکہہ رہے ہیں کہ تم وزیراعلیٰ بنوگے،پی ٹی آئی میں شمولیت اختیارکرلو،یہ ابھی تک فیصلہ نہیں کرسکے کہ وزیراعلیٰ کون ہوگا۔ بلاول بھٹو زرداری نے گلگت بلتستان کے انتخابی نتائج میں تاخیر پر چیف الیکشن کمشنر کو سخت تنقید کا نشانہ بنایااور سوال اٹھایا کہ گلگت بلتستان کے انتخابی نتائج سامنے آنے میں تاخیر کیوں ہوئی؟ عوام نے وفاق کی پالیسیوں پر عدم اعتماد کیا، پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں نے سب سے زیادہ ووٹ لئے، سازش کے تحت خواتین کو ووٹ کے حق سے محروم کیا گیا۔انہوں نے الزام عائد کیا گلگت بلتستان کے چیف الیکشن کمشنر اپنے عہدے کا پاس نہیں رکھ سکے، وہ اپنی ملاقا تو ں کی تفصیلات سامنے لائیں۔ 22 دسمبر کو جی بی 3 پر پولنگ ہے، عوام پیپلز پارٹی کا ساتھ دیں گے۔ ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو نے گلگت بلتستان میں قیام میں توسیع کرتے ہوئے مصروفیات کی وجہ سے اسلام آباد روانگی منسوخ کر دی ہے۔

بلاول بھٹو

گلگت(آئی این پی) چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجا شہباز نے کہا ہے بلاول بھٹو لوگوں کے ذہنوں میں شکوک و شبہات پیدا نہ کریں، سیاستدان من گھڑ ت اور بے بنیاد الزامات لگانے سے گریز کریں، جی بی کے عوام میں غلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، قوانین سے ہٹ کر کوئی چیز ہوئی ہے تو ثبو ت دیں، الزامات لگانے والوں کی بھرپور مذمت کرتا ہوں۔پریس کانفرنس میں چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجا شہباز کا کہنا تھا گورنر کیساتھ سوشل میڈیا پر وائرل تصویر اگست 2019کی ہے، بلاول بھٹو کو چھوٹی باتیں زیب نہیں دیتیں، پیپلز پارٹی ڈی سی کے دفتر قانون کا دروازہ کھٹکانے نہیں توڑنے گئی تھی، اگر وہ میرے پاس آتے تو میں اپنے سامنے ری کاؤنٹنگ کراتا۔ جی بی حلقہ نمبر2میں دوبارہ گنتی ہوئی، ری کاؤنٹنگ میں ایک ایک وٹ کی کاٹنگ امجد اور فتح کے سامنے ہوئی، امجد حسین نے اپنے حلقے میں 11ہزار سے زیادہ ووٹ حاصل کیے،وہ خود بتائیں کیا انہوں نے اتنے ووٹ دھاندلی سے لئے، رزلٹ تبدیل کرنے کی باتیں بے بنیاد ہیں۔ جسٹس علی بیگ کی سربراہی میں الیکشن ٹریبونل قائم کردیا جو کل سے کام شروع کریگا، جس کو شکایت یا کوئی مسئلہ ہے وہ الیکشن ٹربیونل سے رجوع کرے، الیکشن ٹربیونل کے فیصلے کے بعد ری پولنگ اور ری کاؤنٹنگ ہوگی۔

راجا شہباز

مزید :

صفحہ اول -