بلدیہ دکانون کی نیلامی کیخلاف تاجروں کا دھر نا، مظاہرہ، دفاتر بند،حالات کشیدہ
وہاڑی‘ بورے والا (بیورو رپورٹ‘ نامہ نگار‘ تحصیل رپورٹر) بورے والا میں تاجروں نے بلدیہ کی دوکانوں کی نیلامی کے خلاف ہڑتال کی اور احتجاج، تاجروں نے میونسپل کارپوریشن بورے والا کے دفاتر میں دھرنا دیا اور احتجاجی اجلاس کیا۔ تاجروں نے نیلامی کے عمل کو روکنے کے لئے زبردستی دفاتر کو مقفل کردیا، مسلم لیگ (ن) کے ایم این اے اور ایم پی اے، وہاڑی اور میلسی کے تاجر بھی بورے والا میں تاجروں (بقیہ نمبر38صفحہ 6پر)
کے ساتھ احتجاج میں شریک ہوئے اور تاجروں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔تفصیلات کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے بلدیہ کی سینکڑوں دوکانوں کی دوبارہ نیلامی کا اعلان کیا ہے اور نیلامی کے عمل کے خلاف ضلع بھر کے تاجر ہڑتال پر ہیں۔اس سلسلہ میں تاجروں نے نیلامی کے دوسرے دن اپنی دکانیں بند کرنے کے بعد مکمل ہڑتال کی اور بورے والا میں نیلامی کا بائیکاٹ کر کے مکمل احتجاج کیا۔ تاجروں نے میونسپل کارپوریشن بورے والا کے دفاتر کو تالے لگا کر نیلامی کے عمل کو روک دیا۔ تاجروں نے ضلعی انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی۔ انجمن تاجران کی جانب سے احتجاج میں وہاڑی اور میلسی کے تاجر راہنما بھی شریک ہوئے اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے ایم این اے چوہدری فقیر احمد اور ایم پی اے سردار خالد محمود ڈوگر نے بھی تاجروں سے اظہار یکجہتی کیا۔ انجمن تاجران کے ضلعی صدر محمد جمیل بھٹی، وہاڑی کے صدر حاجی ارشاد احمد بھٹی، میلسی صدر شیخ محمد سلیم اور دیگر نے احتجاجی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیلامی سے ضلع بھر میں 3000 کے قریب تاجر متاثر ہوں گے اور 60 ہزار افراد بے روزگار ہوجائیں گے۔ ان دکانوں کی نیلامی سے انتظامیہ تاجروں کا معاشی قتل کرنا چاہتی ہے ان کا کہنا تھا کہ وہ دکانوں کے کرائے میں 10 فیصد اضافے کے لئے تیار ہیں لیکن کسی بھی حالت میں دکانوں کی نیلامی نہیں ہونے دیں گے۔ انجمن تاجران ضلع وہاڑی کے عہدیدارا ن نے کہا کہ ہم نے یہ دکانیں تقسیم ہندکے بعد سے آباد کی ہیں اور ہم نے اسے اپنے وسائل سے تعمیر کیا ہے جسے اب ضلعی انتظامیہ نیلامی کی شکل میں ہم سے چھین رہی ہے لیکن ہم کسی کو اپنا حق چھیننے نہیں دیں گے اس موقع پر انجمن تاجران وہاڑی کے جنرل سکریٹری، راؤ خلیل، چوہدری محمد عاطف ارائیں سمیت دیگر راہنمابھی موجود تھے۔ دوسری طرف میونسپل کارپوریشن نے اپنے پریس نوٹ میں میونسپل دفاتر کو لاک ڈان اور محاصرے اوسرکاری ملازمین کی نظربندی پر اپنے غم اور غصہ کا اظہار کیا ہے اور خبردار کیا ہے کہ کسی بھی سرکاری ملازم یا افسر اور سرکاری املاک کے جان و مال کے نقصان کی پوری ذمہ داری مسلم لیگ (ن) کے مقامی ایم این اے، ایم پی اے، اور انجمن تاجران کے صدر محمد جمیل بھٹی پر عائد کی جائے گی۔ پریس نوٹ میں کہا گیا ہے کہ چند شر پسند عناصر اپنے ذاتی مالی فائدہ کے لئے بورے والا میں امن و امان کو خراب کرنا چاہتے ہیں بورے والا کے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ایسے شرپسند عناصر اور ان کے مفادات کے مفادات کی حمایت نہ کریں۔
دھرنا