کوروناکے حملے تیز،مزید 18 افراد جاں بحق  2547 نئے مریض

  کوروناکے حملے تیز،مزید 18 افراد جاں بحق  2547 نئے مریض

  

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) ملک میں کورونا وائرس سے مزید18 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 7 ہزار 248 ہو گئی ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 547 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ 36 ہزار 899 نئے ٹیسٹ کئے گئے ہیں، اب تک 3 لاکھ 26 ہزار 674 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ ایک ہزار 535 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ ملک میں تیزی سے بڑھتے کورونا کیسز کے باعث ماسک لازمی قرار دینے کیلئے دفعہ 144 نافذ کردی گئی۔ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق تمام ڈپٹی کمشنر ماسک نہ پہننے والوں کے خلاف کارروائی کرسکیں گے۔ جرمانہ، جیل یا دونوں سزائیں دی جاسکیں گی۔عوامی مقامات پر ماسک نہ پہننے پر 500 روپے جرمانہ،عوامی مقامات پر تھوکنے پر 500 روپے جرمانہ،دوکان کے اندر ماسک نہ استعمال کرنے پر دوکاندار کو 2000 جرمانہ ہوگا جبکہ دوکان میں سماجی فاصلہ برقرار نہ رکھنے پر 2000 روپے جرمانہ کے علاوہ بس میں 3000روپے جرمانہ، کار میں 2000 روپے جرمانہ ہوگا۔ جبکہ رکشہ اور موٹر سائیکل پر سماجی فاصلہ برقرار نہ رکھنے پر 500 روپے جرمانے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیاگیاہے۔راولپنڈی میں کورونا کیسز میں اضافے کے پیش نظر 5ہاٹ اسپاٹ علاقوں کو جمعرات سے 10روز کیلئے سیل کردیا گیا ہے۔ سیل کئے جانے والے علاقوں میں سیکٹرسی فیز 1ڈی ایچ اے، گلشن آباد، اسٹریٹ10حالی روڈ،بلاک بی4مسلم ٹاؤن اوردیگرعلاقے شامل ہیں۔ کوروناہاٹ اسپاٹ علاقوں میں پبلک ٹرانسپورٹ، مارکیٹس،شا پنگ مالز،ریسٹورنٹس اور دفاتربندرہیں گے۔کریانہ اسٹور، آٹاچکی کی دکانیں، ڈیری شاپس،بیکری وگوشت کی دکا نیں، پھل و فروٹ کی دکانیں اور پیٹرول پمپس صبح9سے شام7بجے تک کھلے رکھنے کی اجازت ہوگی جبکہ کلینکس،لیبا ر ٹریاں اور میڈیکل اسٹور24گھنٹے کھلے رہیں گے۔ادھر کراچی میں بھی کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر انتظامیہ نے 7 شادی ہالز کو وارننگ، ایک کو 4 لاکھ روپے جرمانہ کر دیا۔ سات ریسٹورنٹس کو 4 لاکھ 95 ہزار مجموعی جرمانے، 39 کو وارننگ جبکہ 8 سیل کر دیئے گئے۔ 13 سپر مارکیٹس، دکانیں، میڈیکل اسٹور سیل کئے جبکہ 4 پرمجموعی طور پر 7لاکھ جرمانہ کر دیا۔انتظامیہ کی جانب سے 5 تعلیمی اداروں کو وارننگ دی گئی۔ گزشتہ روز ماسک نہ پہننے پر 13افراد کو جرمانہ، 15 کووارننگ دی گئی۔ انتظامیہ نے 35 ہزار 500 روپے جرمانہ وصول کیا۔ کمشنر کراچی کے مطابق 11 افراد سے 500 روپے فی کس وصول کئے۔ نمکو شاپ سے 20ہزار اور سرجیکل کی دکان سے 10 ہزار وصول کئے۔

 کورونا

مزید :

صفحہ اول -