سکولوں کے متعلق حکومتی فیصلہ پر عملدر آمد کرائیں گے، وزیر تعلیم 

سکولوں کے متعلق حکومتی فیصلہ پر عملدر آمد کرائیں گے، وزیر تعلیم 

  

لاہور (لیڈی رپورٹر)صوبائی وزیر تعلیم پنجاب ڈاکٹر مراد راس کا بطور مہمان خصوصی قائد ہیڈکوارٹرز میں انعامات تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبا و اساتذہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ڈاکٹر مراد راس کا کہنا تھا کہ بھرپور محنت اور سچی لگن سے کوئی بھی کام کیا جائے تو کامیابی یقینی ہوتی ہے۔ہمارے پرنسپل، ہیڈ ٹیچرز محترم ہیں اور جس ادارے کا سربراہ ٹھیک ہو وہ ادارہ خودبخود ٹھیک ہو جاتا ہے۔سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب سے منسلک اساتذہ کے لئے کی جانے والی اصلاحات کے حوالے بات کرتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ  اساتذہ کی زندگی مکمل طور پر آسان بنانا میری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔تقریب میں ڈائریکٹر جنرل قائد عشرت اللہ خان نیازی، احسان بھٹہ و دیگر شریک تھے۔ڈاکٹر مراد راس کا میڈیا نمائندگان سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے حوالے صورتحال کو روزانہ کی بنیادوں پر مانیٹر کر رہے ہیں۔ سکولوں کی بندش کے حوالے سے ختمی فیصلے کے لئے آج  تمام اضلاع کے سی ای اوز کا اجلاس بلایا گیا ہے۔ڈاکٹر مراد راس نے بتایا کہ اجلاس میں تفصیلی طور پر حالات کا مکمل جائزہ لینے کے بعد اس ضمن میں کوئی ختمی فیصلہ کیا جائے گا اورسکولوں کے حوالے سے جو بھی فیصلہ حکومت کرے گی اس پر ہر ممکن عملدرآمد کرایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ طلبا اساتذہ کی صحت کے حوالے کوئی خطرہ مول نہیں لے سکتے۔آخر میں سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ڈاکٹر مراد راس نے کہا کہ پاکستان ڈاکو موومنٹ کے سربراہان گلگت بلتستان میں عبرت ناک شکست کے بعد بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔ 

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -