انگلینڈ کا دورہ پاکستان کا اعلان، معین علی بھی میدان میں آ گئے
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے معروف آل راﺅنڈر معین علی نے انگلش ٹیم کے دورہ پاکستان کے فیصلے کو مسرت کن اور خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اس دورے کیلئے بے چینی سے منتظر ہیں۔
تفصیلات کے مطابق انگلش آل راؤنڈر معین علی نے ایک انٹرویو میں کہا کہ یہ کرکٹ کیلئے ایک خوشگوار موقع ہے، ہم دورہ پاکستان کیلئے بے چینی سے منتظر ہیں، کوویڈ19 کے بدترین دور میں پاکستان کرکٹ ٹیم نے انگلینڈ کا دورہ کیا اور انگلینڈ کرکٹ کی بھرپور مدد کی، پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیموں کی انگلینڈ کے دوروں سے کرکٹ کو دوام بخشنے میں مدد ملی۔
معین علی نے کہا کہ اب یہ درست موقع ہے کہ ہم پاکستان کا جوابی دورہ کریں جو نہ صرف کھیل بلکہ پاکستان میں کرکٹ کو تقویت دینے کے ساتھ ہمارے اپنے ملک کی کرکٹ کیلئے بھی بہتر رہے گا، کراچی میں اگلے برس 14 اور15 اکتوبر کو کھیلے جانے والے دو ٹی 20 میچز کے انعقاد سے اچھا پیغام جائے گا، پی ایس ایل میں کھیلنا میرے لئے خوشگوار تاثر رہا، ملتان سلطانز کی نمائندگی کرتے ہوئے لیگ میں شرکت کرکے بہت لطف اٹھایا۔