آئی سی سی چیئرمین کیلئے انتخابی عمل شروع ہو گیا

آئی سی سی چیئرمین کیلئے انتخابی عمل شروع ہو گیا
آئی سی سی چیئرمین کیلئے انتخابی عمل شروع ہو گیا
کیپشن:    سورس:   Twitter

  

دبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) چیئرمین کیلئے انتخابی عمل شروع ہو گیا ہے جس کی پہلی خفیہ ووٹنگ میں گریگ برکلے اور عمران خواجہ میں سے کوئی بھی برتری حاصل نہیں کر پایا۔ 

تفصیلات کے مطابق آئی سی سی کے نئے چیئرمین کی انتخابی مہم کا باقاعدہ آغاز ہو گیا، گزشتہ روز الیکٹرونک ووٹنگ کا پہلا راﺅنڈ ہوا تاہم آئی سی سی کی جانب سے آفیشل طور پر نتیجے کا کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔ ایک بھارتی اخبار نے باخبر آفیشل کے حوالے سے دعویٰ کیاکہ خفیہ رائے شماری میں نیوزی لینڈ کے گریگ برکلے اور موجودہ قائم مقام چیئرمین عمران خواجہ میں سے کسی نے بھی اکثریتی ووٹ حاصل نہیں کئے، انتخابی عمل کے دوران مجموعی طور پر 16 ووٹ کاسٹ کئے جانے ہیں، کامیاب امیدوار وہی ہوگا جسے11 ووٹ ملیں گے۔

آئی سی سی نے اکتوبر میں نئے چیئرمین کے انتخابی عمل کا شیڈول جاری کیا تھا، اس کے بعدکوئی آفیشل بیان سامنے نہیں آیا تاہم گزشتہ دنوں ایک رپورٹ میں واضح کیا گیا تھا کہ اگر کسی بھی امیدوار کو دوتہائی ووٹ نہیں ملے تو 3 مرتبہ ووٹنگ ہو گی اور یہ عمل 2 دسمبر تک مکمل کرلیا جائے گا، اگر اس دوران کوئی بھی امیدوار دوتہائی اکثریت حاصل نہیں کرپایا تو کم ووٹ ملنے کے باوجود ایک مخصوص مدت کیلئے عمران خواجہ مستقل طور پر چیئرمین کی ذمہ داری سنبھالے رہیں گے۔

واضح رہے کہ برکلے کو ماضی کے بگ تھری بھارت، انگلینڈ اور آسٹریلیا کی حمایت حاصل ہے، پاکستان سمیت کچھ دیگربورڈز عمران خواجہ کا ساتھ دے رہے ہیں جو ماضی میں بگ تھری کے خلاف رہے اور مستقبل میں بھی ایسے کسی بھی ماڈل کے حق میں نہیں ہیں۔ 

مزید :

کھیل -