عرب ممالک سے کشیدہ تعلقات کے حوالے سے پھیلی افواہوں کے دوران علامہ طاہر اشرفی نے پاکستانی قوم کو خوشخبری  سنا دی

عرب ممالک سے کشیدہ تعلقات کے حوالے سے پھیلی افواہوں کے دوران علامہ طاہر ...
عرب ممالک سے کشیدہ تعلقات کے حوالے سے پھیلی افواہوں کے دوران علامہ طاہر اشرفی نے پاکستانی قوم کو خوشخبری  سنا دی

  

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعظم کے معاون خصوصی بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ علامہ  حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان کے عرب اسلامی ممالک سے گذشتہ دس سالوں سے زیادہ بہترتعلقات ہیں، کورونا کی وبا ء کی وجہ سے متحدہ عرب امارات نے ویزے وقتی طور پر بند کیے ہیں،افواہیں پھیلانے سے پاکستان کے عرب اسلامی ممالک سے تعلقات غیر مستحکم نہیں ہو سکتے ، کورونا ایک وبا ہے جس سے محفوظ رہنے کیلئے احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا توکل علی اللہ کے خلاف نہیں،شریعت اسلامیہ ہمیں توکل کے ساتھ احتیاطی تدابیر پر عمل کا حکم دیتی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق  چیئرمین پاکستان علماء کونسل و معاون خصوصی بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ برائے وزیراعظم پاکستان حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے گرینڈ جامعہ مسجد بحریہ ٹاؤن میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عشق مصطفیٰ ﷺکا تقاضہ ہے کہ ہم پڑوسیوں کے حقوق کا خیال رکھیں ، بچوں کو تعلیم دیں ، بہنوں بیٹیوں کو وراثت میں حق دیں ، ذخیرہ اندوزی ، ملاوٹ نہ کریں،سچا عاشق وہی ہوتا ہے جو محبوب کے کہے پر عمل کرتا ہے ،رسول اکرم ﷺ نے ہمیں سچ بولنے ، غیبتوں سے بچنے اور حقوق العباد پورا کرنے کا حکم دیا ہے ،حقوق اللہ کے ساتھ ساتھ حقوق العباد کی ادائیگی بھی لازم ہے۔ انہوں نےکہاکہ کورونا کی وباء ایک حقیقت ہے جس کا علاج اللہ پر توکل اور احتیاطی تدابیر کو اختیار کرنا ہے،شریعت اسلامیہ ہمیں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا حکم دیتی ہے،وہ پاکستان کےعلماء و مشائخ تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین سے اپیل کرتے ہیں کہ کورونا کی وبا سے احتیاط کیلئے وہ بھی اپنا کردار ادا کریں۔

اجتماع کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پاکستان کے عرب اسلامی ممالک سے گذشتہ دس سالوں سے زیادہ بہتر ہیں ،وزیر اعظم عمران خان اور سپہ سالار قوم جنرل قمر جاوید باجوہ کی کوششوں سے پاکستان اور عرب اسلامی ممالک کے درمیان غلط فہمیاں دور ہوئی ہیں،پاکستان اور عرب اسلامی ممالک کے تعلقات میں خرابی کیلئے افواہیں پھیلائی جاتی ہیں لیکن اس سے پاکستان اور عرب اسلامی ممالک کے تعلقات میں عدم استحکام پیدا نہیں ہو گا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے ساتھ پاکستان کے تعلقات برادرانہ ہیں،کورونا کی وجہ سے متحدہ عرب امارات نے ویزہ کے حوالہ سے پابندیاں لگائی ہیں جو مستقل نہیں ہیں اور ان شاء اللہ کورونا کی صورتحال کے ساتھ ہی بہتر ہو جائیں گی ۔ ایک اور سوال کے جواب میں حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ علامہ خادم حسین رضوی ایک عالم دین تھے ان کی وفات سے دکھ ہوا ، ان کے عقیدت مندوں اور لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔

مزید :

قومی -