پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے پر قوم ڈاکٹر عبد القدیر کی ممنون ہے: مقررین 

      پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے پر قوم ڈاکٹر عبد القدیر کی ممنون ہے: مقررین 

  

          لاہور (جنرل رپورٹر) حکومت پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر بنانے پر ”محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان اقبال کے شاہین“کے عنوان سے اردو اور انگریزی زبان میں مضامین تعلیمی نصاب کا حصہ بنائے اور انہیں باقاعدہ قومی ہیرو قرار دے کر سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبہ میں ”ڈاکٹر عبدا لقدیر خان قومی ایوارڈ“ کا اعلان کرے۔ ان خیالات کااظہار مصطفائی تحریک پاکستان کے زیر اہتمام الحمرا ہال میں منعقدہ ”سلام محافظ پاکستان مہم“  کے تحت تعزیتی ریفرنس میں مقررین نے خطاب کے دوران کیا ہے۔سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پاکستان کے بائیس کروڑ عوام کو مسلم لیگ ن نے اپنے دور حکومت میں تحفظ فراہم کیا۔پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے پر پوری قوم محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی ممنون احسان ہے، انکی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا، وہ ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔پنجاب اسمبلی میں پیپلزپارٹی  کے پارلیمانی لیڈر سیدحسن مرتضیٰ کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے اس ملک کو ایٹمی پروگرام دیا، میزائل ٹیکنالوجی دی اور دفاع وطن کو مضبوط بنا کر اپنی قومی ذمہ داری پوری کی جس کا اعتراف ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے اپنی زندگی میں متعدد بار کیا۔المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی پاکستان کے صدر شیخ محمد طاہر انجم نے کہا کہ ڈاکٹر عبد القدیر خان  علامہ اقبال کے مرد مومن اور وہ حقیقی شاہین ہیں۔ امیر مصطفائی تحریک پاکستان غلام مرتضیٰ سعیدی کا کہنا تھا کہ ہم نے چالیس روزہ ”سلام محافظ پاکستان مہم“ چلا کر اپنے قومی ہیرو کو فراموش کرنے کی سازش ناکام بنا دی۔ پاکستان کا بچہ بچہ ڈاکٹر عبد القدیر خان کو اپنے دل میں بسائے بیٹھا ہے۔انجمن طلبہ اسلام کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری عامر اسماعیل نے کہا بھارت سمیت پاکستان کا کوئی دشمن ہماری طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرأت نہیں کر سکتا۔  ڈاکٹر عبد القدیر نہ صرف پاکستانی قوم  بلکہ عالم اسلام کے حقیقی ہیرو ہیں۔کانفرنس سے سابق چیئرمین  ایف بی آرانصر جاوید، ،شیخ خالد ہمایوں،ذوالفقار حیدر سیالوی،خواجہ خالد آفتاب،میاں شہزاد احمد اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ کانفرنس میں متعدد قراردادیں بھی متفقہ طور پر منظور کی گئیں۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -