حکومت سموگ، ڈینگی کو کنٹرول کرنے میں  ناکام ہو چکی ہے،ذکر اللہ مجاہد

 حکومت سموگ، ڈینگی کو کنٹرول کرنے میں  ناکام ہو چکی ہے،ذکر اللہ مجاہد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(پ ر) امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ حکومت سموگ اور ڈینگی کو کنٹرول کرنے میں بری طرح ناکام نظرآرہی ہے۔ شہری علاقوں میں کوڑا کرکٹ اورگندگی کے خاتمہ اور ڈینگی سپرے کے حوالے سے حکومتی مشینری کہیں نظر آرہی ہے۔ شہرمیں دن بدن بڑھتی سموگ اور فضائی آلودگی نے عوام کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔ ایک طرف شہریوں میں فضائی آلودگی اور سموگ کی وجہ سے سانس، گلے اور آنکھوں کی بیماریوں  بڑھ رہی ہیں تو دوسری طرف ڈینگی کے وار بھی جاری ہیں جس سے ڈینگی کے مریضوں میں روزانہ کی بنیاد پر تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور ایسی صورتحال میں پنجاب حکومت اور انتظامیہ بیانات اور کاغذی کاروائیوں سے آگے نہیں بڑھ رہی ہے جو قابل مذمت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف تقاریب میں صوبائی دارالحکومت میں بڑھتی سموگ، فضائی آلودگی اور ڈینگی کے بڑھتے کیسز پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔ میاں ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں سر فہرست آچکا ہے جبکہ ڈینگی کے مریضوں میں  تشویشناک اضافہ ہورہا ہے۔

 اور حکومت خواب غفلت سے جاگنے کو تیار نہیں ہے۔ حکومتی بے حسی سے ایسا لگتا ہے کہ ملک کو مافیاز چلارہے ہیں۔منتخب عوامی نمائندے اور اپوزیشن اسمبلیوں میں عوام کی فلاح و بہبود اور تحفظ کی بجائے مفادات کی جنگ لڑرہے ہیں اور عوام مہنگائی، بے روزگاری، لاقونیت کی چکی میں بری طرح  پس رہی ہے جس کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔ میاں ذکر اللہ مجاہد نے حکومت اور انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر بنایا جائے۔ سموگ کی وجہ بننے والی تمام وجوہات پر فوری طور پر پابندی عائد کی جائے اور شہری علاقوں میں ڈینگی کے سپرے کو یقینی بنایا جائے۔ ہسپتالوں میں سموگ اور دینگی سے متاثرہ افراد کیلئے تمام طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔