علامہ سعد رضوی کی رہائی

علامہ سعد رضوی کی رہائی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ مولانا سعد رضوی کوگزشتہ روز نظربندی ختم ہونے پر رہائی مل گئی،ان کی رہائی حکومت کے ساتھ طے پا نے والے معاہدے کے نتیجے میں عمل میں آئی ہے۔سات ماہ سات دن تک زیرحراست رہنے والے سعد رضوی رہائی پانے کے بعد مسجد رحمت اللعالمین لاہور پہنچ گئے،والد کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی بھی کی۔ تحریک لبیک کے کارکنوں کی بڑی تعداد نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں پھولوں سے لاد دیا گیا۔وہ اپنے مرحوم والد علامہ خادم حسین رضوی کے عرس کی تین روزہ تقریبات میں شرکت کریں گے۔واضح رہے کہ سعد رضوی کو پہلی بار 2 اپریل 2021ء میں ایک ماہ کے لئے ڈپٹی کمشنر لاہور کے حکم کے پر نظر بند کیا گیا تھا اور اسی دوران ان کا نام فورتھ شیڈول میں بھی شامل کر لیا گیا تھا۔اس معاہدے کو خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے۔اس امر میں کوئی شبہ نہیں کہ تحریک لبیک کے پاس ایک بڑا ووٹ بینک بھی موجود ہے،مولانا سعد رضوی کی مذہبی حیثیت بھی مسلمہ ہے اور ان کے مقلدین کی تعداد بھی خاصی ہے،ضرورت اس امر کی ہے کہ وہ اپنی اہمیت اور اثر و رسوخ کو قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے مذہبی اقدار کے فروغ کے لئے استعمال کریں۔ذمہ دارانہ طرز عمل کا مظاہرہ ان کی جماعت اور ذات کے لئے مفید ہو گا، بلکہ معاشرے کے استحکام میں بھی مدد دے گا۔

مزید :

رائے -اداریہ -