بلدیاتی انتخابات، الیکشن کمیشن کا نومبر کے آخری ہفتے سے حلقہ بندیاں شروع کرنیکا فیصلہ 

بلدیاتی انتخابات، الیکشن کمیشن کا نومبر کے آخری ہفتے سے حلقہ بندیاں شروع ...

  

       اسلام آباد (آن لائن) الیکشن کمیشن نے سندھ،بلوچستان اور وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کیلئے حلقہ بندیاں نومبر کے آخری ہفتے اور دسمبر کے پہلے ہفتے میں شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ حلقہ بندی اور بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے صوبائی حکومت سندھ، بلوچستان اور وزارت داخلہ کے ساتھ متعدد میٹنگز، مراسلات اور کیسوں کی سماعت کی مگر مذکورہ بالا اتھارٹیز الیکشن کمیشن کو ضروری قانون سازی، دیگر دستاویزات و ڈیٹا مہیا کرنے میں ناکام رہیں۔الیکشن کمیشن نے اپنی آئینی او ر قانونی ذمہ داری کو پور اکرنے کیلئے بلوچستان لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2021ء، سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013ء، اسلام آباد کیپٹل ٹیرٹری لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2015 اور انکے رولز کے تحت جو کونسلیں  /ٹیر(Tier) مقرر کیے گئے تھے انکے مطابق حلقہ بندی اور لوکل گورنمنٹ الیکشن کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔اس ضمن میں الیکشن کمیشن نے حلقہ بندی کے حوالے سے تین نوٹیفکیشن جاری کیے ہیں جن کے تحت صوبہ بلوچستان میں حلقہ بندی کے کام کا آغاز مورخہ 6 دسمبر 2021 سے شروع کیا جائے گا جس کی تکمیل 28 فروری 2021کو ہوگی۔ اسی طرح اسلام آباد فیڈرل کیپٹل میں حلقہ بندی کا آغاز مورخہ 25نومبر 2021 سے شروع ہو کر 3فروری 2021کو اختتام پذیرہوگا جبکہ صوبہ سندھ میں اس کام کا آغاز مورخہ یکم دسمبر 2021سے شروع ہونے کے بعد مورخہ 23فروری 2021کو مکمل کیا جائے گا۔حلقہ بندی کے کام کی تکمیل کے فوراً بعد الیکشن کمیشن صوبہ سندھ، بلوچستان اور اسلام آباد فیڈرل کیپٹل کے لوکل گورنمنٹس الیکشن کا شیڈول جاری کرے گا۔

حلقہ بندیاں 

مزید :

صفحہ اول -