پارلیمنٹ پر خودکش حملہ کیا گیا، حکومت کی حالیہ قانون سازی کو نہیں مانتے: شہبا ز شریف

  پارلیمنٹ پر خودکش حملہ کیا گیا، حکومت کی حالیہ قانون سازی کو نہیں مانتے: ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(آئی این پی)  پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کی حالیہ قانون سازی کو قانونی نہیں مانتے، عوام پر مہنگائی کی بمباری کرنے والی حکومت نے پارلیمنٹ پر خود کش حملہ کیا ہے۔ تفصیلات  پاکستان مسلم لیگ (ن)کے پارلیمانی ایڈوائزری بورڈ کا اہم اجلاس پارٹی صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاس میں اپوزیشن چیمبر میں ہوا۔ پارٹی کی سینئر قیادت کے مشترکہ اجلاس میں حکومت کی جانب سے قانون سازی بلڈوز کرنے کے معاملے پر غور کیا گیا۔ اس دوران متحدہ اپوزیشن کی جانب سے حکومتی قانون سازی کو عدالت میں چیلنج کرنے پر اجلاس کو بریفنگ دی گئی، اراکین نے اس موقع پر اظہار مذمت کیا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار انتخابی اصلاحات اتفاق رائے کے بغیر ہوئیں۔ شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ حکومتی قانون سازی کو قانونی نہیں مانتے، عمران نیازی کا فرمان مسترد کرتے ہیں۔عوام پر مہنگائی کی بمباری کرنے والی حکومت نے پارلیمنٹ پر خود کش حملہ کیا ہے۔ موجودہ حکومت عوام کے سامنے رسوا ہوچکی ہے، اب آئین پر حملہ آور ہے۔ الیکشن کمشن کا بیان حکومتی قانون سازی اور ای وی ایم کے غلط ہونے کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی کی پاکستان میں بادشاہت قائم نہیں ہونے دیں گے، ایل پی جی، آٹا، چینی، دوائی، بجلی اور گیس عوام کی پہنچ سے باہر ہیں۔جو حکومت ایک کلو آٹا، چینی اور سلنڈر سستا نہیں کرسکتی، وہ نیا گھر دینے کی بات کرکے غریبوں کے زخموں پر نمک چھڑک رہی ہے۔ اپوزیشن کے اتحاد اور جذبے کو سراہتے ہیں، اپوزیشن کی جدوجہد رنگ لائے گی، آئین اور عوام کو ریلیف دلائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ظالم، عوام دشمن اور قانون شکن حکومت کا ساتھ دینے والے قوم کے مجرم ہیں۔
شہباز شریف

مزید :

صفحہ اول -