پشاور‘12 روزہ انسداد خسرہ و روبیلاکی قومی مہم جاری 

  پشاور‘12 روزہ انسداد خسرہ و روبیلاکی قومی مہم جاری 

  

پشاور(سٹی رپورٹر)صوبائی دارلحکومت پشاور میں بارہ روزہ انسداد خسرہ اور روبیلاکی قومی مہم جاری ہے۔ اس حوالے سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرمیڈم گل بانو کی زیر صدارت انسداد خسرہ اور روبیلا کی قومی مہم کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریلیف) محمد عمران خان،انتظامی افسران، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر فضل مولا، ڈپٹی ڈسٹرکٹ پولیو آفیسر ڈاکٹر نوید رشید، پی ایس آر اے کے نمائندے سمیت ڈبلیو ایچ اواور یونیسیف اور دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں جاری انسداد خسرہ اور روبیلا مہم کے حوالے سے تفصیل سے بات چیت کی گئی اور محکمہ صحت کی ٹیموں کی کارکردگی کو سراہا گیا اور پرائیویٹ سکول ریگولیٹری اتھارٹی کو ہدایت کی گئی کہ تمام سکولوں کو سختی سے تاکید کی جائے کہ محکمہ صحت کی ٹیموں سے تعاون کرتے ہوئے بچوں کو خسرہ اور روبیلا سے بچاؤ کے ٹیکے لگائے جائیں۔مہم کے حوالے سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریلیف) محمد عمران خان نے تحصیل شاہ عالم کے علاقوں متھرا، ورسک روڈ، پیر بالا اور پجگی کا دورہ کرتے ہوئے انسداد خسرہ اور روبیلا مہم کا جائزہ لیا۔انھوں نے نماز جمعہ کے موقع پر مساجد میں نمازیوں کو انسداد خسرہ اور روبیلا مہم کے بارے میں آگاہی دی جبکہ دیگرانتظامی افسران نے اپنے علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے مہم کی نگرانی کی اور محکمہ صحت کی ٹیموں کے ہمراہ بچوں کو خسرہ اور روبیلا سے بچاؤ کے ٹیکے لگائے اور ان کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے بھی پلائے گئے۔ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) خالد محمود کے مطابق انسداد خسرہ اور روبیلا کی جاری قومی مہم کے دوران پشاور کی 103 یونین کونسلوں میں نو ماہ سے پندرہ سال تک کے 23,36,000  بچوں کو انسداد خسرہ اور روبیلا ٹیکے لگائے جائیں گے جن میں سے 7 لاکھ سکولوں کے طلباء و طالبات اور 16,36,000 دیگر بچے شامل ہیں۔ مہم کے لیے 1509 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جن میں محکمہ صحت کے مختلف مراکز میں 153 فکسڈ ٹیمیں اور 1356 آؤٹ ریچ ٹیمیں شامل ہیں جبکہ ان ٹیموں میں 103 میڈیکل افسران بھی شامل ہیں۔ یہ ٹیمیں پشاور بھر میں 9 ماہ سے 15 سال تک کے بچوں کو خسرہ اور روبیلا سے بچاؤ کے ٹیکے لگا رہی ہیں جبکہ مہم کے دوران 5 سال کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے بھی پلائے جائیں گے۔ ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) خالد محمود نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اپنے بچوں کو خسرہ اور روبیلا سے بچانے کے لیے محکمہ صحت کی ٹیموں سے تعاون کرتے ہوئے خسرہ اور روبیلا سے بچاؤ کے ٹیکے لگانے سمیت پولیو سے بچاؤ کے قطرے بھی پلائیں تاکہ پشاور سے خسرہ، روبیلا اور پولیو کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -