ورلڈ ٹوائلٹ ڈے پر ڈبلیو ایس ایس پی کا آگاہی سیشنز کا انعقاد

      ورلڈ ٹوائلٹ ڈے پر ڈبلیو ایس ایس پی کا آگاہی سیشنز کا انعقاد

  

پشاور (سٹی رپورٹر) واٹراینڈ سینی ٹیشن سروسز پشاور (ڈبلیو ایس ایس پی) نے ورلڈ ٹوائلٹ ڈے منایا، دن کی مناسبت سے گورنمنٹ سپریئر سائنس کالج، گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول یکہ توت اور دیگر سرکاری وغیر سرکاری سکولوں میں آگاہی سیشنز کا انعقاد کیا۔ فیلڈ افسران عزت اللہ، عبداللہ اور دیگر نے طلبہ کو ٹوائلٹ کے بہتر استعمال بارے آگاہی دی۔سکولوں میں آگاہی سیشنز اور تقاریب میں طلباء وطالبات نے پیٹنگز بنائیں جن میں ٹوائلٹ کے استعمال کے طریقہ کار اور ان کے فوائد بارے پیغام دیا گیا۔ دن کے موقع پر گورنمنٹ سپریئر سائنس کالج میں منعقدہ مرکزی سیمینار کے مہمان خصوصی کالج پرنسپل پروفیسر فضل نصیر اسیر تھے، سیمینار میں اساتذہ اور طلباء نے شرکت کی۔فیلڈ افسران عزت اللہ اور عبداللہ نے طلباء سے اپیل کی کہ بیماریوں سے بچنے کے لئے ٹوائلٹ کے استعمال کے طریقوں پر عمل کرے، کھلی فضا میں رفع حاجت سے بیماریاں پھیلتی ہیں اور علاج کے اخراجات بڑھتے ہیں جن سے بچا جاسکتا ہے۔ انہوں نے طلباء کو پانی اور صفائی کی اہمیت بارے بھی آگاہی دی اور اپیل کی کہ پانی کے تحفظ اور صفائی یقینی بنانے کے لئے لوگوں کے رویوں میں تبدیلی لانے کے لئے عملے سے تعاون کرتے ہوئے سفیر کے طور پر کردار ادا کرے۔ پروفیسر فضل نصیراسیر نے کہا کہ پانی وصفائی اور حفظان صحت سے متعلق اسلامی تعلیمات پر عمل کرنا ہر فرد کی ذمہ داری ہے، اسلام ہر شعبے میں انسان خصوصاً مسلمانوں کی رہنمائی کر رہا ہے، پانی کا تحفظ اور صفائی ہر شہری کی ذمہ داری ہے اس حوالے سے لوگوں خصوصاً طلباء کو نہ صرف عملے کے ساتھ تعاون کرنا ہوگا بلکہ آگاہی پیغام بھی پھیلانا ہوگا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ کالج میں پانی وصفائی اور حفظان صحت کے اصولوں سے متعلق طلباء کی آگاہی کے لئے تقاریب کا انعقاد کیا جائے گاجبکہ طلباء کومعاشرے میں آگاہی پھیلانے کے سفیر کے طور پر کردار ادا کرنے کے لئے تیار کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ اور آنے والی نسلوں کو صاف پانی اور صحت مندماحول کی فراہمی کے لئے معاشرے کے ہر فرد کو اپنی ذمہ داری پوری کرنا ہوگی۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -