باجوڑ،جماعت اسلامی کے مولانا عبدالمجید کے کاغذات مسترد

باجوڑ،جماعت اسلامی کے مولانا عبدالمجید کے کاغذات مسترد

  

باجوڑ(نمائندہ خصوصی)  ضلعی عدالت باجوڑ نے بلدیاتی انتخابات کیلئے جماعت اسلامی کے امیدوار برائے تحصیل نظامت ناوگئی سب ڈویژن مولانا عبدالمجید کے کاغذات نامزدگی کو مسترد کردیا۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ باجوڑ کے اپیلٹ ٹریبونل برائے بلدیاتی انتخابات کے عدالت میں درخواست گزاررفیع اللہ نے اپیل دائر کی کہ تحصیل ناظم ناوگئی سب ڈویژن کیلئے جماعت اسلامی کے امیدوار مولانا عبدالمجید کاووٹ متعلقہ سب ڈویژن میں رجسٹرڈ نہیں ہے۔اورخیبر پختونخواہ لوکل کونسل (کنڈکٹ آف الیکشن)رولز 2021کے تحت امیدوار کا ووٹ متعلقہ سب ڈویژن میں رجسٹرڈ ہونا لازمی ہے۔درخواست گزار نے  موقف اختیار کیاکہ مولانا عبدالمجید کا ووٹ خار سب ڈویژن میں رجسٹرڈ ہے جبکہ وہ امیدوار ناوگئی سب ڈویژن کا ہے۔ایڈیشنل سیشن جج اپیلٹ ٹریبونل برائے بلدیاتی انتخابات احسان الحق نے فیصلہ سناتے ہوئے جماعت اسلامی کے امیدوار مولانا عبدالمجید کے کاغذات نامزدگی مسترد کرتے ہوئے بلدیاتی الیکشن لڑنے کیلئے نااہل قرار دے دیا۔ یادرہے کہ مولانا عبدالمجید کا شمار جماعت اسلامی باجوڑ کے اہم رہنماؤں میں ہوتاہے اور وہ ضلعی آمیر بھی رہ چکے ہیں جبکہ موجودہ وقت میں نائب امیر ضلع ہے۔ ان کا شمار جماعت اسلامی باجوڑ کے ٹاپ فور لیڈرشپ میں ہوتاہے اور پارٹی کے منشور کو گھر گھر پہنچانے میں مولانا عبدالمجید نے کلیدی کردار ادا کیاہے۔ مولانا عبدالمجید نے سال2018کے عام انتخابات میں حلقہ این اے 41پر 14ہزار 960ووٹ لیکر دوسری پوزیشن حاصل کی تھی۔ جماعت اسلامی کی جانب سے کورنگ امیدوار کیلئے درخواست دینے والے لطیف جان اب جماعت اسلامی کی جانب سے ناوگئی سب ڈویژن پر امیدوار ہونگے۔المرکز اسلامی عنایت کلے میں ایک تقریب کے دوران جماعت اسلامی کے قائدین اور ان کے ایک بڑے اتحادی گروپ اتحاد ملکانان نے لطیف جان کو روایتی قبائلی پگڑی پہناکر امیدوار نامزد کیا۔ اتحاد ملکانان نے سال2019کے صوبائی انتخابات کی طرح موجودہ بلدیاتی انتخابات میں بھی جماعت اسلامی کے حمایت کا اعلان کرتے ہوئے بھرپو ر سپورٹ کرنے کا اعلان کیا۔ اتحادملکانان کے ایک اہم رہنما ملک شاہین آف برہ لغڑئی نے کہا کہ چیف آف ماموند ملک محمد آیاز خان کی قیاد ت میں ملکانان کا اتحاد جماعت اسلامی کیساتھ تھا اور رہے گا۔ یادرہے کہ سال2019کے صوبائی اسمبلی انتخابات کے موقع پر اتحاد ملکانان نے جماعت اسلامی کیساتھ اتحاد کیا تھا اور اسی حلقہ پی کے102پر جماعت اسلامی کے امیدوار سراج خان کو بھاری اکثریت سے کامیاب کرایا تھا۔ 

مزید :

پشاورصفحہ آخر -