آرٹ و کلچر کے فروغ کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں گے، گورنر سرور 

  آرٹ و کلچر کے فروغ کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں گے، گورنر سرور 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(اسٹاف رپورٹر) گورنر ہاؤس لاہور میں کریسنٹ آرٹ گیلری کے تحت ممتاز آرٹسٹ قمر صدیقی کی پینٹنگ کا سولو شو کا انعقاد کیا گیا۔ گورنر پنجاب محمد سرور اور ان کی اہلیہ نے شو کا افتتاح کیا۔ تقریب میں چیف ایگزیکٹو کریسنٹ سمیر ناصر، ڈائریکٹر ناصر جاوید، سدرہ ناصر، شہزادہ ایم اے حیات، ارجنٹینا کے سفیر لیو پلڈو ساہورس، ارکان قومی و صوبائی اسمبلی پنجاب، گلوکار وارث بیگ، صنعتکاروں، فنکاروں اور عمائدین شہر نے شرکت کی۔ اس موقع پر گورنر محمد سرور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی آرٹ و کلچر کے فروغ کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔ ملک کے آرٹسٹ ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں۔ ارجنٹینا کے ایمبسڈر لیوپلڈو ساہورس نے کہا کہ ارجنٹینا میں پاکستانی آرٹ اجاگر کرنے کیلئے گروپ اور سولو شو منعقد کیے جائیں اس سلسلے میں ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔ ناصر جاوید نے کہا کہ آرٹ اور آرٹسٹوں کی ترقی کیلئے ملک میں بین الاقوامی سطح پر آرٹ آکشن ہاؤس کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے۔ شہزادہ حیات صدر UICF برطانیہ نے کہا کہ بیرون ممالک میں مقیم پاکستانی آرٹسٹوں کی حوصلہ افزائی کیلئے اپنا ہر ممکن کردار ادا کررہے ہیں۔ اس سلسلے میں آرٹ اور گروپ شوکا انعقاد تواتر کے ساتھ جاری ہے۔ چیف ایگزیکٹو کریسنٹ سمیر ناصر نے کہا کہ کریسنٹ بلاتفریق آرٹسٹوں کے آرٹ ورک کو ملکی و بین الاقوامی پلیٹ فارم پر اجاگر کرنے کیلئے خدمات انجام دے رہی ہے۔ قمر صدیقی نے کہا کہ آرٹ کے ذریعے صوفی ازم کے فروغ کیلئے بھرپور جدوجہد کررہا ہوں۔ اس سلسلے میں ناصر جاوید کے تعاون پر مشکور ہوں۔ علاوہ ازیں گورنر سرور نے سدرہ ناصر، سمیر ناصر، قمر صدیقی، شہزادہ حیات و دیگر میں ایوارڈز بھی تقسیم کیے، ملک بھر کے فنکاروں نے ثقافتی شو پیش کیا۔