پی ڈی ایم کے پشاور جلسے میں کتنے لوگ شریک ہوئے ؟وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے ایسی بات کہہ دی کہ اپوزیشن جماعتیں چکرا جائیں

 پی ڈی ایم کے پشاور جلسے میں کتنے لوگ شریک ہوئے ؟وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے ...
 پی ڈی ایم کے پشاور جلسے میں کتنے لوگ شریک ہوئے ؟وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے ایسی بات کہہ دی کہ اپوزیشن جماعتیں چکرا جائیں
سورس: File Photo

  

پشاور(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)کے زیر اہتمام پشاور میں ہونے والے جلسے کو مکمل طور پر ایک فلاپ اور ناکام شو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی ساری جماعتیں مل کر پورے ایک مہینے کی تیاریوں کے باوجود بھی ایک ہزار سے زائد لوگ اکٹھے نہیں کر سکے جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے عوام پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)اور عمران خان کے ساتھ ہیں اور انہوں نے پہلے کی طرح اس دفعہ بھی پی ڈی ایم کو یکسر مسترد کردیاہے ۔

پی ڈی ایم کے جلسے سے متعلق یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیر اعلی نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم مسترد شدہ اور سیاسی بے روزگاروں کا ٹولہ ہے، ان کے پاس عوام کو بتانے اور دینے کے لئے کچھ بھی نہیں ہے، وہ اس طرح کی ناکام سرگرمیوں کے ذریعے اپنی ڈوبتی ہوئی سیاسی کشتی کو سہارا دینے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ خیبر پختونخوا سمیت پورے ملک کے عوام نے ان کے بیانیے کو یکسر مسترد کردیا ہے۔

محمود خان کا کہنا تھا کہ پشاور جلسے کی بری طرح ناکامی سے پی ڈی ایم والوں کی آنکھیں کھلنی چاہیے اور انہیں اپنی شکست برملا تسلیم کرلینی چاہیے، خیبر پختونخوا کے عوام 2018ء کی طرح اب بھی پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں اور 2023 ءکے عام انتخابات میں بھی صوبے کے عوام ایک بار پھر پی ٹی آئی اور عمران خان پر بھر پور اعتماد کا اظہار کریں گے۔ وزیر اعلی نے مزید کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات اور عوام دوست پالیسیوں کی بدولت پی ٹی آئی کی عوامی مقبولیت میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے، مہنگائی کا راگ الاپنے والوں کو معلوم ہونا چاہیے کہ موجودہ مشکل حالات ان کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے ہیں اور یہ بات باشعور عوام بھی اچھی طرح جانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صورتحال میں حکومت کو عوام کو درپیش مشکلات کا بھر پور احساس ہے، عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کے بھر پور اقدامات اٹھا رہی ہے، بہت جلد نیا پاکستان کارڈ کی صورت میں عوام کو ریلیف دینے کے لئے ایک جامع پیکیج کا اجرا کیا جائے گا۔

مزید :

علاقائی -خیبرپختون خواہ -پشاور -