چار روزہ بین الاقومی اسلامی آرٹ فیسٹیول کا آج آخری روز
لاہور (فلم رپورٹر) لاہور آرٹس کونسل الحمراء اور آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیر اہتمام چار روزہ بین الاقومی اسلامی آرٹ فیسٹیول کا آج چوتھا اور اختتامی روز ہے۔صوبائی وزیر ثقافت،کھیل و امور نوجواناں تیمور مسعود افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی ہونگے۔صبح 11بجے کی ایک اہم نشست میں ضرار بابری،ڈاکٹر شفیق فاروقی،اسلم کمال،ڈاکٹر زاہد منیر امیراور ذکی الہاشمی خطِ نسخ کے اسرارو رموز پر گفتگو کریں گے۔ایگزیکٹوڈائریکٹر الحمراء ذوالفقار علی زلفی بین الاقومی اسلامی فیسٹیول میں اختتامی کلمات ادا کریں گے۔شام 5 بجے محفل نعت کا انعقاد کیا جائے گا۔گزشتہ روز فیسٹیول میں دو نشستیں ہوئی۔پہلی نشست میں ڈاکٹر تہنیت مجید،پروفیسر رافعہ طاہر،شریف خان،ناجیہ فرحت اور قرآن محظوطے،قرآنی آیات کی طباعت اور منی ایچر مصوری میں نئی جہتوں کو روشناس کرانے کی روح پرور گفتگو کی۔ فائزہ نون،لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ ہمایوں خان بنگش اور رشید بٹ فنون اسلامی میں روحانیت کے موضوع پر اظہار خیال کیا۔ورکشاپ کا سلسلہ بھی جاری رہااور ترکی سے آئے مہمان خطِ ثلث کے جمالیاتی پہلو پر روشنی ڈالی۔فنون اسلامی میں صوفیانہ کلام اور تصوف کو بہت اہمیت حاصل ہے اسی مقصد کے لئے فیسٹیول کے چاروں دن صوفی موسیقی کا خصوصی اہتما م کیا جا رہا ہے۔