ریڈیو پاکستان کے 4ہزار سے زائد ملازمین کئی ماہ کی پنشن سے محروم
لاہو(فلم رپورٹر)پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن (ریڈیو پاکستان) موجودہ مالی سال کے آغاز سے ہی شدید مالی بحران سے دو چار ہے، اس اہم قومی ادارے کے چار ہزار سے زائد بزرگ پینشنرز کی ماہانہ پینشن کی ادائیگی گزشتہ کئی ماہ سے تاخیر کا شکار ہے، اکتوبر کے مہینے کی پینشن ان ناتواں بزرگ شہریوں کو ابھی نہیں ملی ہے جس کی وجہ سے اس مہنگائی کے دور میں چار ہزار سے زیادہ خاندانوں کو بے توقیری سمیت دیگر بے سمار مسائل اور شدید مشکلات کا سامنا ہے۔گزشتہ تین برس میں ریڈیو پاکستان سے ریٹائرمنٹ پانے والوں کو کمیوٹیشن کی مد میں کوئی ادائیگی نہیں کی گئی، چار سال سے بزرگ پینشنرز کے میڈیکل بلز کی ادائیگی بھی رکی ہوئی ہے اسی طرح ایسے بزرگ پینشنر جو قومی سکیل بیس سے ریٹائر ہوء ان کے ایڈیشنل پینشن الاؤنس کی ادائیگی بھی چند مخصوص افراد کے علاوہ باقی تمام پیشنرز کو نہیں کی جا رہی۔ اسی طرح ریڈیو پاکستان کے ایکس کیڈر ملازمین بھی نا انصافی اور حق تلفی کی اذیت برداشت کرنے پر مجبور ہیں۔پنشنرز نے زیر اعظم، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات،وزیر خزانہ سے درخواست کی ہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلے کے مطابق کہ اداروں میں پینشنرز کو پینشن کی ادائیگی کو (دیگر افراد کیلئے تنخواہ کی ادائیگی پر) فوقیت/ ترجیح حاصل ہے اس فیصلے پر پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن میں سختی سے عمل کرنے کی ہدایت جاری کی جائیں۔ پاکستان کی نظریاتی سرحدوں کے محافظ عظیم قومی ادارے ریڈیو پاکستان کے مالی و انتظامی معاملات اور بزرگ پینشنرز کی حق رسی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر خصوصی اقدامات کئے جائیں اور چار ہزار سے زائد بزرگ و معزز پینشنرز کے خاندانوں کو فاقہ کشی, بے توقیری اور دیگر سماجی مسائل سے چھٹکارہ دلائیں۔