وزیر اعظم سے سینئر لیگی وزراء کی ملاقاتیں  آرمی چیف کی تقرری پر مشاورت

  وزیر اعظم سے سینئر لیگی وزراء کی ملاقاتیں  آرمی چیف کی تقرری پر مشاورت

  

اسلام آباد(آن لائن) آرمی چیف کی تقرری کے معاملے پر وزیر اعظم ہاؤس میں ہفتہ کو بھی مشاورت کا سلسلہ جاری رہا اور مختلف وزراء نے وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کے دوران اپنی رائے بھی دی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کورونا کی وجہ سے قرنطینہ میں ہیں اور اس کے باوجودوہ اپنی مصروفیات سماجی فاصلے کو برقرار رکھتے ہوئے انجام دے رہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اہم ترین فوجی تقرری کے حوالے سے سینئر وزراء نے ان سے مشاورت کی اور اتحادیوں کے ساتھ بھی رابطے کر کے ان کا ِان پْٹ بھی دیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ دو سے تین دنوں میں آرمی چیف کا تقرری کا اعلان کر دیا جائے گا۔ آرمی چیف کے لئے مجوزہ ناموں پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار صدر عارف علوی کو پہلے ہی اعتماد میں لے چکے ہیں،اعلیٰ سرکاری و عسکری حکام نے ایوان صدر اور وزیر اعظم ہاؤس میں ملاقاتیں بھی کی تھیں اور ان ملاقاتوں کا مقصد آرمی چیف کی تقرری کے حوالے سے تمام امور کو اتفاق رائے سے طے کرنا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اتحادی حکومت ہونے کی وجہ سے اس اہم معاملے پر وسیع تر مشاورت ہو رہی ہے اور اسی مشاورت کی وجہ سے تاخیر بھی ہوئی لیکن عسکری اور حکومتی حکام آرمی چیف کی تقرری کے معاملے پر اتفاق رائے کے ساتھ فیصلہ کریں گے، اس حوالے سے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان حکمران اتحاد میں افواہیں پھیلا رہے ہیں ان میں کسی قسم کی صداقت نہیں ہے۔ 

ملاقاتیں 

مزید :

صفحہ اول -