جامعہ زکریا میں سکیورٹی انتظامات سخت کرنیکا فیصلہ، مراسلہ روانہ
ملتان (سٹاف رپورٹر )بہاالدین زکریا یونیورسٹی کی سکیورٹی سخت ترین کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے ‘ تمام افسران‘ اساتذہ وسٹاف کی گاڑیوں کے گیٹ پاس بنانے کا منصوبہ ‘ تمام پرائیویٹ ملازمین کی پولیس سے تصدیق کرانے کیلئے کوائف طلب‘ مراسلہ جاری کردیا گیا۔ بتایا گیاہے کہ بہاالدین زکریا یونیورسٹی میں سکیورٹی کو مزید موثر بنانے کے لئے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر سید محمد علی شاہ کی ہدایات پر ریذیڈنٹ آفیسر پروفیسر ڈاکٹر مقرب اکبر نے مراسلہ جاری کیاہے جس کے مطابق تمام اساتذہ‘ افسران وملازمین سے کہا گیا ہے کہ اپنی زیر استعمال گاڑیوں ‘موٹر (بقیہ نمبر1صفحہ6پر )
سائیکلوںکے کوائف جمع کرائیں تاکہ گیٹ پاس بنائے جاسکیں اور یونیورسٹی اساتذہ‘ افسران وملازمین کی گاڑیوں و موٹر سائیکلوں کی شناخت ہوسکے اور غیر متعلقہ افراد کا بلا وجہ داخلہ روکا جاسکے۔دریںاثنا یونیورسٹی اساتذہ‘ افسرا ن کے پرائیویٹ ملازمین کے کوائف جمع کرانے کے لئے ایک بار پھر مراسلہ جاری کردیا گیا ہے تاکہ ان کی پولیس سے تصدیق کرائی جاسکے کہ وہ کسی مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث تونہیں ہیں۔یونیورسٹی حلقوں نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید محمد علی شاہ اور ریذیڈنٹ آفیسر ڈاکٹر مقرب اکبر کے یونیورسٹی کی سکیورٹی بہتر سے بہتر کرنے کے سلسلے میں کئے جانے والے اقدامات کو سراہا ہے۔اس بارے میں رابطہ کرنے پر پروفیسر ڈاکٹر مقرب اکبر نے کہا کہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید محمد علی شاہ کی ہدایات اور ویژن کے مطابق یونیورسٹی کی بہتری کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔