شیما کرمانی کو برطانوی ڈپٹی ہائی کمیشن میں پروگرام سے کیوں نکالا گیا ؟ وجہ سامنے آ گئی

کراچی( ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان کی معروف اور پہلی خاتون کتھک ڈانسر، سماجی کارکن اور کلچرل ایکشن گروپ تحریک نسواں کی بانی شیما کرمانی کو برطانوی ڈپٹی ہائی کمیشن میں پروگرام سے کیوں نکالا گیا ؟ اس کی وجہ سامنے آ گئی ہے ۔ "جنگ " کے مطابق فلسطین کے حق میں نعرہ لگانے پر شیما کرمانی کو کراچی میں قائم برطانوی ڈپٹی ہائی کمیشن میں منعقدہ ایک پروگرام سے نکال دیا گیا۔ شیما کرمانی کا کہنا تھا کہ یہ تقریب 17 نومبر کو کنگ چارلس سوم کی سالگرہ کی مناسبت سے منعقد کی گئی تھی جہاں دیگر فنکاروں، سیاست دان، ارکان پارلیمنٹ بیوروکریٹس اور دیگر حکام بھی شریک تھے۔انہوں نے بتایا کہ پروگرام کے دوران تقاریر اور سالگرہ کی مبارک باد دینے کے دوران انہوں نے ’سیز فائر‘ کا نعرہ لگایا۔انہوں نے بتایا کہ نعرہ لگانے کے بعد سیکیورٹی اہلکار میرے قریب آئے اور مجھے زبردستی باہر نکالنے کی کوشش کی، میں چونکہ خود باہر جارہی تھی اس وقت میں نے سیکیورٹی اہلکاروں سے کہا کہ ’’مجھے ہاتھ مت لگائیں‘‘۔ افسوس کی بات ہے کہ جب سیکیورٹی اہلکار مجھے زبردستی باہر پھینک رہے تھے اس وقت دیگر مہمان مجھے صرف دیکھ رہے تھے، ایک شخص نے بھی آگے بڑھ کر میرا ساتھ نہیں دیا۔