افغان شہریوں کو واپس بھیجنے کا عمل جاری ، اس دوران7پاکستانی شہری بھی ملک بدر ہو کر افغانستان بھیجے جانے سے بال بال بچ گئے

پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک) حکومت کی طرف سے پاکستان میں غیرقانونی طور پر مقیم افغانیوں کو ان کے ملک واپس بھیجنے کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ گزشتہ دنوں اس عمل میں 7پاکستانی شہری ملک بدر ہو کر افغانستان بھیجے جانے سے بال بال بچ گئے۔ ڈیلی ڈان کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ ان سات شہریوں کو پنجاب سے گرفتار کیا گیا تھا۔
یہ ساتوں افراد اردو بول سکتے تھے نہ پنجابی، اور اپنی کوئی شناختی دستاویز بھی حکام کو نہ دکھا سکے، جس پر انہیں گرفتار کر کے پشاور پہنچا دیا گیا۔ بعد ازاں نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) سے ان لوگوں کا ریکارڈ مل گیا، جس سے ثابت ہو گیا کہ یہ پاکستانی شہری ہیں۔
حکام نے بتایا ہے کہ نادرا سے ان لوگوں کے پاکستانی شہری ہونے کی تصدیق ہونے پر انہیں واپس پنجاب بھجوا دیا گیا ہے، جہاں سے انہیں گرفتار کیا گیا تھا۔ حکام نے اس حوالے سے یہ حیران کن انکشاف بھی کیا ہے کہ پنجاب کی جیلوں کے دو قیدی بھی پاکستان سے فرار ہونے کی کوشش میں خود کو افغان شہری ظاہر کرکے ملک بدر ہوتے ہوئے پکڑے گئے ہیں۔
حکام کے مطابق ان دو مختلف کیسز میں پنجاب کے دو شہریوں نے اپنی شناختی دستاویزات دینے سے انکار کر دیا اور بتایا کہ وہ افغان شہری ہیں، جس پر انہیں گرفتار کرکے ان کی ملک بدری کی تیاری کر لی گئی تاہم اسی دوران علم ہوا کہ وہ جیلوں سے بھاگے ہوئے قیدی ہیں۔ اس پر انہیں واپس پنجاب کی متعلقہ جیلوں میں بھجوا دیا گیا۔