شہریوں کو پاسپورٹس کے حصول میں تاخیر کے معاملے کا بالآخر نوٹس لے لیا گیا

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) شہریوں کو پاسپورٹس کے حصول میں تاخیر کے معاملے کا بالآخر نوٹس لے لیا گیا۔ نیوز ویب سائٹ ’پروپاکستانی‘ کے مطابق وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی نے اس حوالے سے متعدد شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے ایک انسپکشن ٹیم تشکیل دے دی ہے، جس کی قیادت سینئر مشیر کریں گے۔
وفاقی محتسب کی طرف سے اس ٹیم کو ڈائریکٹوریٹ جنرل آف پاسپورٹ آفس کا دورہ کرنے اور شہریوں کو پاسپورٹس کے حصول میں تاخیر کے معاملے کی تحقیقات کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے۔یہ ٹیم تمام شکایت کنندگان سے بھی رابطہ کرے گی اور ان کے تحفظات سنے گی اور ڈائریکٹوریٹ جنرل آف پاسپورٹ کی انتظامیہ سے بات چیت کرکے ان کی شکایات کا ازالہ کرے گی۔
واضح رہے کہ شکایت کرنے والے شہریوں کی طرف سے وفاقی محتسب کو بتایا گیا ہے کہ وہ کئی کئی مہینوں سے پاسپورٹ کے حصول کے لیے دربدر بھٹک رہے ہیں۔ حتیٰ کہ پاسپورٹس کی تجدید کا عمل بھی رکا ہوا ہے۔ بعض رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس وقت 4لاکھ سے زائد پاسپورٹس تاخیر کا شکار ہیں۔