شیوسینا کے کارکنوں کا بی سی سی آئی کے دفتر پر حملہ افسوسناک ہے: راجیو شکلا
ممبئی (اے این این )انڈین پریمئر لیگ کے کمشنر راجیو شکلا نے بھارتی کرکٹ بورڈ کے دفتر پر ہندو انتہا پسند تنظیم شیو سینا کے غنڈوں کے حملے کی مذمت کی ہے اور کہاہے کہ پاکستان اور بھارت درمیان جب بھی سیریز کے حوالے سے مذاکرات ہوتے ہیں شیوسینا رونا دھونا شروع کردیتی ہے۔
صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بھارت اور پاکستان کے کرکٹ بورڈز کے درمیان بات چیت تو چلتی ہی رہتی ہے۔ یہاں تک کہ جب بھارت اور پاکستان کے درمیان تعلقات بہت خراب تھے تب بھی پاکستانی کرکٹ بورڈ ہمیشہ بھارتی بورڈ کے ساتھ کھڑا رہا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میٹنگ اور بات چیت تو ضرور ہوگی وہ اس طرح تھوڑی ٹل سکتی ہے شیوسینا کے رونے دھونے سے کچھ نہیں ہوگا۔
