ندیم خان کی بطور چیئرمین آئیسکو تعیناتی کا خیر مقدم کرتے ہیں:ایف پی سی سی آئی
اسلام آباد(کامرس ڈیسک)ایف پی سی سی آئی کے صدر عبدالرؤف عالم نے معروف بزنس مین ندیم خان کی بطور چئیرمین آئیسکو تعیناتی کا بھرپور خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حکومت کا لائق تحسین فیصلہ ہے جس سے تاجر برادری کو مسائل حل کروانے میں سہولت ہو گی۔ تاجر برادری آئیسکو سے ہر ممکن تعاون کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار عبد الرؤف عالم نے چئیرمین آئیسکو سے ایک ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آئیسکو ڈاکٹر عبدالجبار ، ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر ظفر بختاوری، چئیرمین فاؤنڈر گروپ خالد جاوید، ایف پی سی سی آئی کے سابق صدر زبیر ملک، اعجاز عباسی، طارق صادق، کریم عزیز ملک، خالد چودھری اور ملک سہیل بھی موجود تھے۔ ایف پی سی سی آئی کے صدر نے کہا کہ حکومت نے2018 ملک بھر سے لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے جس سے ملک کی معاشی ترقی کی رفتار بڑھ جائے گی۔انھوں نے آئیسکو کے ارباب اختیار کو دعوت دی کہ ایف پی سی سی آئی میں آ کر کاروباری برادری کے مسائل سنیں اور انکے حل کرنے کے اقدامات کرے جبکہ ہم حکومت کے نیٹ میٹرنگ کے منصوبہ کو کامیاب بنانے میں ہر ممکن تعاون کرینگے۔
اس موقع پر آئیکسو کے چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر عبدالجبار نے کہا کہ تاجر اہم صارفین میں شمار ہوتے ہیں اور انکے مسائل کے حل کو اولیت دی جائے گی۔ چئیرمین آئیسکو نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چیمبر کے اراکین کے مسائل کے فوری حل کیلئے آئیسکو کے ایک افسر کو مستقل طور پر تعینات کیا جائے گا جو تاجروں اور صنعتکاروں کے مسائل حل کرے گا اور اگر کسی صارف کی شکایت کے بعد پندرہ منٹ کے اندر شکایت دور نہیں ہوئی سخت کاروائی ہو گی۔