اعلیٰ کوالٹی کا تصدیق شدہ بیج فراہم کرنے میں پنجاب سیڈ کارپوریشن کا ثانی نہیں :رانا افتخار

اعلیٰ کوالٹی کا تصدیق شدہ بیج فراہم کرنے میں پنجاب سیڈ کارپوریشن کا ثانی ...

لاہور ( کامرس رپورٹر)انجمن کاشتکاران پاکستان کے صدر رانا افتخار نے پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کاشتکاروں کو تقریباً 40سالوں سے اعلیٰ کوالٹی کا تصدیق شدہ بیج فراہم کرنے میں پنجاب سیڈ کارپوریشن کا کوئی ثانی نہیں اگر یہ ادارہ نہ ہوتا تو آج ملٹی نیشنل کمپنیاں کاشتکاروں کو لوٹ رہی ہوتیں اور کبھی ہم خصوصاً گندم جیسی میجر کراپ اور دیگر زرعی اجناس میں خود کفیل نہ ہوتے۔ انہوں نے رواں سال گندم کے بیج کی قیمت میں اضافہ نہ کرنے پر وزیر زراعت پنجاب ڈاکٹر فرخ جاوید اور سیکرٹری زراعت محمد محمود کا اپنی تنظیم کی جانب سے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ کسانوں کے لئے بہت بڑی خوشخبری ہے۔ رانا افتخار نے کہا کہ پنجاب سیڈ کارپوریشن کا مارکیٹنگ اور پروسیسنگ کا نظام جدید دور کے مطابق ہے اور یہ پبلک سیکٹر کا واحد ادارہ ہے جو کاشتکاروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور تصدیق شدہ بیج کی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے کاشتکاروں سے ملاقات کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ کاشتکار بھرپور پیداوار حاصل کرنے کیلئے صر ف پنجاب سیڈ کارپوریشن کا تصدیق شدہ بیج استعمال کریں۔ رانا افتخار نے مزید کہا کہ ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹر ناصر سلیم اور ڈائریکٹر مارکیٹنگ چوہدری منظور کے حالیہ فیلڈ کے دوروں سے کسانوں کو آکسیجن ملی ہے انہوں نے کہا کہ بیج کے معیار کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے جب اعلیٰ افسران دیہاتوں میں جائیں گے تو یقیناًتبدیلی آئے گی۔ رانا افتخار نے کہا کہ انجمن کاشتکاران کاشتکاروں کی بھلائی کیلئے پنجاب سیڈ کارپوریشن کی کاشتکاروں کیلئے کوالٹی بیج کی فراہمی کے حوالہ سے کی جانے والی کاوشوں میں اس کا بھرپور ساتھ دے گی۔ رانا افتخار نے کہا پاکستان بھر کے کاشتکاربمپر کراپ کیلئے پنجاب سیڈ کارپوریشن کا تصدیق شدہ بیج کاشت کرتے ہیں اور کرتے رہیں گے۔ رانا افتخار نے پنجاب سیڈ کارپوریشن کے پلانٹوں کی کارکردگی کو بھی سراہا اور پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا کہ پنجاب سیڈ کارپوریشن کی خانیوال میں زمین پٹے داروں سے واگزار کروائی جائے تاکہ بیجوں کی یہ صنعت مزید ترقی کرسکے اور پنجاب کے ساتھ ساتھ پاکستان میں زرعی انقلاب کا خواب پورا ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کی ترقی زراعت میں پوشیدہ ہے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کو چاہئے کہ وہ پٹے داروں سے جلد ازجلد زمین واگزار کروا کردیں۔ رانا افتخار نے وزیر زراعت پنجاب ڈاکٹر فرخ جاوید اور سیکرٹری زراعت محمد محمود کی زرعی شعبہ میں خدمات کو سراہا۔

مزید : کامرس