اسلام آباد کو بند کرنے کی دھمکیاں دینے والے معیشت دشمن ہیں: ناصر سعید
لاہور(کامرس رپورٹر)پاکستان کے دارالحکومت کو بند کرنا دشمن کا ایجنڈا ہے تاکہ سرمایہ کاری اور اقتصادی سرگرمیوں کا راستہ روکا جاسکے .سیاست دان شعوری یا لا شعوری طور پر دوسروں کے پروگرام میں مددگار بننے کی بجائے ڈائیلاگ اور افہام و تفہیم کا راستہ اختیار کریں .لاہور چیمبر کے سابق نائب صدر ناصر سعید نے بیان میں کہا ہے کہ اسلام آباد کو بند کرنے یا شہر اقتدار میں ہڑبونگ مچانے سے تعمیر و ترقی و خوشحالی کے بڑے منصوبوں میں تعطل پیدا ہونے کے ساتھ ساتھ بیرونی دنیا میں پاکستان اور اس کے سیاست دانوں کی جگ ہنسائی ہوگی .ناصر سعید نے کہا ہے کہ سیاست دان اسلام آباد کو بند کرنے کے پروگرام سے دستکش ہو کر بات چیت سے معاملات حل کرنے کی طرف پیش رفت کریں بصورت دیگر ناصر سعید نے کہا ہے کہ اسلام آباد کے اندر اور پورے ملک سے کاروباری برادری شدید رد عمل کا اظہار کرے گی ۔اس لیے انہوں نے احتجاجی پروگرام کے شائقین سیاست دانوں پر زور دیا ہے کہ اپنی قوت کا اظہار کرنے کاروباری سرگرمیاں روکنے اور عوام کے لیے مشکلات پیدا کرنے کی بجائے اتفاق و اتحاد کا ماحول بنایا جائے . سی پیک منصوبوں کی جلد تکمیل اور کالا باغ ڈیم پر کام شروع کرانے کے لیے فضا تیار کی جائے۔
تاکہ ملک ترقی کے راستے پر تیزی سے چل سکے اور اندرون ملک اور بیرونی دنیا پاکستانی سیاست دانوں کی تعمیری سرگرمیوں کو تسلیم کریں .