پنجاب میں گیس کی طلب پوری کرنا بہت مشکل ہو گیا ہے،عابد صدیقی

پنجاب میں گیس کی طلب پوری کرنا بہت مشکل ہو گیا ہے،عابد صدیقی

لاہور(نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما عابد حسین صدیقی نے گیس لوڈشیڈنگ اور نرخوں میں اضافہ پر شدید ردِ عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو پہلے بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سامنا ہے اب حکومت نے گیس کی لوڈشیڈنگ کی بھی نوید سنا دی ہے پنجاب کے صارفین کو رات دس سے صبح پانچ بجے تک گیس کی عدم فراہم ظالمانہ اقدام ہے ۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیر پٹرولیم نے پنجاب کے گیس صارفین پر گیس بم گراتے ہوئے باور کرانے کی کوشش کی ہے کہ 18 ویں ترمیم کے بعد پنجاب میں گیس کی طلب پوری کرنا بہت مشکل ہو گیا ہے۔ تمام تر حکومتی دعوؤں کے باوجود توانائی بحران اور گیس کی سپلائی میں بہتری کے کوئی آثار نظر نہیںآ رہے، انہوں نے مزید کہا کہ ٹرانسمیشن کی بوسیدہ لائنیں تبدیل کرنے کے علاوہ لیکج اور چوری روکنے کے اقدامات بھی نہیں سوچے گئے جبکہ گیس کمپنی کے ذرائع خود اس بات کا اقرار کرتے ہیں کہ گزشتہ تین برسوں میں سوئی نادرن ریجن میں 10 ارب روپے کی گیس چوری ہوئی۔ حکومت کو اسے روکنے کیلئے کوئی ٹھوس اور موثر حکمت عملی اختیار کرنے کی بجائے کھوکھلے دعوؤں سے پر انحصار کر رہی ہے انہوں نے کہا کہ گیس لوڈشیڈنگ کے باعث روز مرہ زندگی کے معمولات اور کاروبار پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 4