ترقی کے لئے اداروں کے مابین ہم آہنگی ناگزیر ہے،راغب نعیمی
لاہور(خبر نگار خصوصی)معروف مذہبی اسکالر وناظم اعلیٰ جامعہ نعیمیہ علامہ ڈاکٹر محمدراغب حسین نعیمی نے کہاہے کہ ملکی ترقی کیلئے ریاستی اداروں کے درمیان ہم آہنگی ناگزیر ہے۔کیونکہ ہم آہنگی کے فقدان سے دشمن قوتیں فائدہ اٹھارہی ہیں۔ پاکستان کے موجودہ حالات میں’’قومی یکجہتی‘‘کافروغ وقت کی اہم ترین ضرورت ہے ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز نعیمین سکرٹریٹ میں نعیمین ایسوسی ایشن کے عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہاکہ موجودہ حکومتیں انتخابات کے دوران عوام سے کئے وعدے پورے کریں اورتمام قومی وسائل کوعوام کی فلاح وبہبود کیلئے بروئے کار لائیں۔پاکستان کے داخلی وخارجی استحکام اورروشن مستقبل کیلئے سیاسی جماعتوں سمیت تمام محب وطن طبقات آگے آئیں۔ملک دشمن عناصر وطن عزیز میں سیاسی عدم استحکام اورفرقہ واریت کے ذریعے پاکستان میں انتشار اوربدامنی پید ا کرناچاہتے ہیں حالات کاتقاضاہے کہ اتحاد واتفاق کی قوت سے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا جائے۔وطن عزیز اس وقت دھرنا کلچر کامتحمل نہیں ہوسکتا،سیاسی معاملات کو افہام تفہیم کے ذریعے حل کیاجائے تاکہ وحدت کی فضاء قائم رہے۔