مہنگائی نے قوم کی قوت خرید ہی ختم کر دی ہے،فضل الرحمن بٹ
لاہور( نمائندہ خصوصی) پیپلز پارٹی کے رہنما فضل الرحمن بٹ نے کہا ہے کہ افسوس کی بات ہے کہ پیپلز پارٹی بھی جمہوریت کو بچانے کے چکر میں حکومت کی منہ زور مہنگائی کے خلاف کوئی بھی بات نہیں کررہی ہے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف بڑے فخر سے آلو کے ریٹ بتاتے ہوئے نظر آتے ہیں لیکن انہیں اس بات کا علم ہی نہیں ہے کہ ایک عام آدمی سبزی بھی خرید کر نہیں پکا سکتا ۔ مہنگائی نے اس کی قوت خرید ہی ختم کرکے رکھ دی ہے دال ماش جس کو غریب کی دال کہا جاتا تھا وہ ساڑھے تین سو روپے فی کلو کے قریب پہنچ چکی ہے اور دال چنا کی قیمت بھی دوسو روپے فی کلو کے قریب ہے اور مٹر جس کو سبزی کہا جاتا ہے وہ بھی دوسو روپے فی کلو سے اوپر ہو چکے ہیں لیکن پیپلز پارٹی کی لیڈر شپ کو بھی اس کی کوئی پرواہ نہیں ہے اور وہ بھی حکومت کے عوام دشمن پالیسوں کے خلاف آواز اٹھانے کی بجائے جمہوریت کو بچانے کے چکر میں خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے اور عوام کا بھرکس نکلتے ہوئے دیکھ رہی ہے لیکن میرا بطور ورکر عوام کو اس حالت میں دیکھ کر صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے اس لئے حکومت کی پالیسوں کی مذمت کرنا اپنا فرض سمجھتا ہوں۔