انار کلی بازار کی خوبصورتی کیلئے ٹھوس تجاویز پر کام کیا جائے، عبداللہ خان سنبل

انار کلی بازار کی خوبصورتی کیلئے ٹھوس تجاویز پر کام کیا جائے، عبداللہ خان ...

لاہور( جنرل رپورٹر) کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل نے کہا ہے کہ انارکلی بازار تاریخی اہمیت کا حامل ہے۔ اس کی خوبصورتی ، ٹریفک کی روانی اور بہترین پارکنگ کے لیے ٹھوس تجاویز پر ضرور کام کیا جائے گا۔ متعلقہ ٹی ایم او دو ہفتوں میں تجاوزات کے بارے میں تفصیلاً رپورٹ پیش کریں۔ انہوں نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تجاوزات کے خاتمہ کے لیے ٹی ایم اے اپنی گاڑی انارکلی بازار میں سٹیشن کرے جبکہ لاہور پارکنگ اتھارٹی پارکنگ کے لیے بی او ٹی یا دیگر طریقہ کار کے مطابق منصوبہ بندی پر مبنی رپورٹ پیش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک کی روانی کے لیے وارڈنز بھی تعینات کیے جائیں گے۔کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل نے ان خیالات کا اظہار تاجران کے وفد سے انارکلی بازار کے مسائل کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر عثمان خالد، اسسٹنٹ کمشنر جنرل سید منور بخاری، صدر انجمن تاجران آل پاکستان محمد اشرف بھٹی و انارکلی بازار کے نمائندہ تاجران، ٹی ایم او داتا گنج بخش اقبال فرید اور لاہور پارکنگ کمپنی کے افسران نے شرکت کی۔

مزید : میٹروپولیٹن 1