سی پیک کیخلاف سرگرم بھارتی ایجنٹوں اور سہولت کاروں کیخلاف سخت کاروائی کا فیصلہ

سی پیک کیخلاف سرگرم بھارتی ایجنٹوں اور سہولت کاروں کیخلاف سخت کاروائی کا ...

 لاہور(کرائم رپورٹر)قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے سی پیک کیخلاف بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کے منصوبہ کو ناکام بنانے کیلئے پاکستان میں موجود بھارتی ایجنٹوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے ذرائع نے دعوی کیا ہے کہ سی پیک منصوبہ کو ناکام بنانے کے لئے بھارت نے این ڈی ایس ،کالعدم لشکر جھنگوی اور تحریک طالبان کے متعدد گروہوں کو سرگرم کر رکھا ہے اور بھارتی خفیہ ایجنسی انہیں نہ صرف اسلحہ فراہم کر رہی ہے بلکہ ان کی مالی مدد میں بھی پیش پیش ہے ۔ڈی جی آئی بی کی نگرانی میں گزشتہ روز ایک اہم اجلاس ہوا جس میں ملک بھر کے آئی بی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران نے شرکت کی جس میں ایسے دہشت گردوں کی لسٹ مرتب کرنے کا حکم دیا گیا ہے جو بھارتی خفیہ ایجنسی را سے رابطہ میں ہیں ۔ڈی جی آئی بی آفتاب سلطان کے مطابق وہ دشمن کے منصوبہ کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔انہوں نے روزنامہ پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ انہوں نے گزشتہ چند سالوں کے دوران 171ملک دشمن عناصر کو واصل جہنم کیا ہے ۔جبکہ ایک ہزار سے زائد دہشت گردوں کو پکڑا بھی ہے ۔جن سے تفتیش جاری ہے ۔ڈی جی آئی بی کے مطابق انہیں خفیہ ذرائع سے یہ ٹھوس شواہد ملے ہیں کہ سی پیک منصوبہ کو ناکام کرنے کے لئے بھارتی خفیہ ایجنسی دن رات اپنی کوششوں میں مصروف ہے اس حوالے سے پاکستان کے اعلیٰ حکام کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے ۔

مزید : علاقائی