لاہور آرمی کی ٹی ٹونٹی میچ میں آسٹریلیا کو شکست
لاہور(سپورٹس رپورٹر)لاہور آرمی ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد آسٹریلین آرمی کرکٹ ٹیم کو چار وکٹوں سے ہراکر اپنی برتری ثابت کردی۔مہمان کھلاڑیوں نے کھیل سے بھرپور لطف اٹھانے کے ساتھ ساتھ ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑا ڈالا اور ڈھول بھی بجاکر یہ پیغام بھی دیا کہ وہ یہاں آکر بہت محظوظ ہو رہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق بیٹل ایکس گراونڈ میں آرمی ٹیم کے کپتان کریگ ہومز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ بیس اوورز میں پانچ وکٹوں پر ایک سو تیس رنز بنائے۔مارک براون نے ایک چھکے اور تین چوکوں کی بدولت اتنالیس رنز کی اننگز کھیلی۔کپتان کریگ ہومز اٹھائیس رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے۔کریگ رائٹ نے تیئس سکورکیا۔لاہور ٹیم کے نعمان نجیب، اویس اور عمران علی نے ایک ایک کھلاڑی آوٹ کیا۔جواب میں لاہور آرمی کے بلے بازوں نے شاندار کھیل پیش کرکے مقررہ ہدف انیسویں اوورز میں چھ وکٹ کھوکر پوراکرکے ایک یادگار کامیابی اپنے نام کی۔محمد افضال نے اٹھائیس رنز کی اننگز کھیل کر جیت میں اہم کردار ادا کیا۔انور خان اٹھارہ رنز بنانے میں کامیاب رہے۔قیوم ناصر سترہ سکور کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔مہمان ٹیم کے روبرٹ مرامہ نے انیس رنز دے کر دو وکٹ لیے۔
تھامس اور نکولس نے ایک ایک کھلاڑیوں کو پویلین کا راستہ دکھایا۔مہمان خصوصی کمانڈر لاہور کور لیفٹیننٹ جنرل صادق علی نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ا سابق ٹیسٹ کرکٹر عامر سہیل اور کمنٹیٹر چستی مجاہد کو بھی سووئنئیرپیش کیے گئے۔اس موقع پر کمانڈر لاہور کورلیفٹیننٹ جنرل صادق علی نے میچ میں بہترین پرفارمنس پر دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کومبارک باد دی۔ان کا کہنا تھا کہ آسٹریلین آرمی کرکٹ ٹیم کو یہاں کھیلتا دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ہے۔اپنے دورے کے دوران مہمان ٹیم قذافی سٹیڈیم اور جم خانہ میں بھی کھیل کر یقینی طورپر انجوائے کرے گی۔انہوں نے پاکستان آرمی کی جانب سے امن کے قیام کے لیے کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آرمی او ر قوم نے حالات کو بہتر بنانے کے لیے بہت قربانیاں دی ہیں۔آسٹریلین آرمی ٹیم کے بعد آسٹریلیا کی نیشنل کرکٹ ٹیم اور دوسری تمام ٹیمیں جب پاکستان آئیں گی تو وہ بھی یہاں پر انٹرنیشنل کرکٹ کے لییسازگار ماحول پائیں گی۔انہوں نے میچ دیکھنے کے لیے آنے والے طلبا کو نصحیت کی کہ وہ بھی شام کو ضرور کھیل کو وقت دیں۔اس موقع پر اسلام آباد سے آئے کرنل ڈیوڈ ڈیفینس اتاشی آسٹریلین ہائی کمشن بھی موجود تھے۔مہمان ٹیم اپنا دوسرا میچ اکتیس اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پی سی بی انڈر ٹوئنٹی ون الیون کے خلاف کھیلے گی۔