ڈار اکیڈمی کے زیر اہتمام انٹر سکول ہاکی ٹورنامنٹ شروع

ڈار اکیڈمی کے زیر اہتمام انٹر سکول ہاکی ٹورنامنٹ شروع

لاہور (سپورٹس رپورٹر)ایس این جی پی ایل انٹر سکول ہاکی ٹورنامنٹ ڈارہاکی اکیڈمی کے زیراہتمام نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں شروع ہوگیا۔ ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی ڈائریکٹر سپورٹس بورڈ پنجاب ذوالفقار احمد گھمن تھے۔ اس موقع پر ڈار ہاکی اکیڈمی کے صدر اولمپیئن توقیر احمد ڈار، سیکرٹری عرفان ضیاء، ہیڈ کوچ دانش کلیم، کوچ اعجاز احمد اور ہاکی کھلاڑیوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ اکیڈمی کے صدر توقیر ڈار نے ٹورنامنٹ میں شریک چھ ٹیموں سے ڈائریکٹر جنرل ذوالفقار احمد گھمن کا تعارف کروایا۔اولمپیئن توقیر ڈار نے بتایا کہ ٹورنامنٹ میں ڈی پی ایس ماڈل ٹاؤن، گورنمنٹ شاہدرہ ہائی سکول، گورنمنٹ ماڈل ہائی سکول ماڈل ٹاؤن، یونیک سکول، گورنمنٹ ہائی سکول وفاقی کالونی اور ایچیسن کالج کی ٹیمیں شامل ہیں۔ توقیر ڈار نے بتایا کہ سکول ہاکی سے بہترین کھلاڑی سامنے آتے ہیں۔ ڈار ہاکی اکیڈمی کی کوشش ہے کہ سکول ہاکی دوبارہ شروع ہو سکے اور فروغ پا سکے۔ انہوں نے ایس این جی پی ایل کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا ۔

جنہوں نے ٹورنامنٹ کو سپانسر کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس بورڈ پنجاب ذوالفقار گھمن کا کہنا تھا کہ انہیں خوشی ہے کہ توقیر ڈار ایک اچھی اکیڈمی چلا رہے ہیں۔ صحیح معنوں میں پاکستان کی خدمت کر رہے ہیں۔ انٹر سکول ہاکی ٹورنامنٹ ایک اچھی کاوش ہے۔علاوہ ازیں پہلے میچ میں گورنمنٹ ہائی سکول وفاقی کالونی نے یونیک سکول کو 3-0 سے شکست دیدی۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی