چین پاکستان دوستی کار ریلی لاہور کے بعد ساہیوال کیلئے روانہ

چین پاکستان دوستی کار ریلی لاہور کے بعد ساہیوال کیلئے روانہ

لاہور (سپورٹس رپورٹر) چین پاکستان دوستی کار ریلی لاہور کے دورے کے بعد ساہیوال کیلئے روانہ ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق 22گاڑیوں اور پچاس سے زائد افراد پر مشتمل پاک چین دوستی کار ریلی لاہو ر میں 2روز قیام کے بعد ساہیوا ل کیلئے روانہ ہو گئی ہے۔ اس موقع پر پنجاب حکومت کی جانب سے مہمانوں کی سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں۔ذرائع کا کہناہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے ریلی کے ساتھ پولیس اور ایلیٹ فورس کی نفری تعینات کی گئی ہے جبکہ ایمبولینس اور فائر بریگیڈ کی گاڑیاں بھی ہمراہ ہیں جو ساہیوال تک ساتھ سفر کریں گی۔چینی کار یلی کے شرکاء ساہیوال سے ملتان جائیں گے اور پھر وہاں سے پاکستان کے مختلف علاقوں کا دورہ کریگا۔چینی کار ریلی کے شرکاء چند روز قبل گلگت بلتستان پہنچے تھے جہاں مقامی قیادت نے انکا بھر پور استقبال کیا تھا جبکہ لاہور میں بھی انکے استقبال کیلئے خصوصی تقاریب کا اہتمام کیا گیا تھا جہاں چینی شری ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالتے رہے اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگاتے رہے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی