ترقی کے عمل کو روکنے اور اسلام آباد کو بند کرنے کی ناپاک سازشیں ناکام ہونگی :شہباز شریف

ترقی کے عمل کو روکنے اور اسلام آباد کو بند کرنے کی ناپاک سازشیں ناکام ہونگی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(جنرل رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ(ن)،پنجاب کے صوبائی کونسل کے اجلاس میں انٹرا پارٹی الیکشن کے دوران وزیراعلیٰ شہبازشریف کو پارٹی کا بلامقابلہ صوبائی صدرمنتخب کیاگیا۔پاکستان مسلم لیگ (ن)،پنجاب کے چیف الیکشن کمشنر اتھارٹی منشاء اللہ بٹ نے وزیراعلیٰ شہبازشریف کے بلامقابلہ صوبائی صدر منتخب ہونے کا اعلان کیااوربتایاکہ کاغذات کی جانچ پڑتال کے دوران امیدوار شوکت علی نے کاغذات واپس لے لئے ہیں اوروزیراعلیٰ شہبازشریف صوبائی صدرکیلئے بلامقابلہ منتخب ہوئے ہیں،جس کے بعد وزیراعلیٰ شہبازشریف نے صوبائی صدر کی نشست سنبھالی۔پارٹی انتخابات میں صوبائی وزیرملک ندیم کامران،بلا مقابلہ سینئر نائب صدر،ارشد خان اور نگہت پروین بلامقابلہ نائب صدور ،میاں مرغوب احمد بلامقابلہ سیکرٹری فنانس اورسمیع اللہ چوہدری بلامقابلہ سیکرٹری اطلاعات منتخب ہوئے ۔صوبائی کونسل کے اجلاس کے شرکاء نے وزیراعلیٰ شہباز شریف اوردیگر عہدیداران کو مسلم لیگ(ن) پنجاب کابلامقابلہ صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں ملک ترقی کا سفر تیزی سے طے کر رہا ہے اور آئندہ 18 ماہ میں ملک کی تقدیر بدلنے والی ہے۔ ملک سے اندھیرے ختم ہو جائیں گے اور پاکستان اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرلے گا۔ آج ملک بھر میں تمام ترقیاتی منصوبے چاہے وہ میٹرو بس ہو ، لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین ہو، سیف سٹی پراجیکٹ ہو یا توانائی کے منصوبے، یہ تمام منصوبے شفافیت کے اعتبار سے اپنی مثال آپ ہیں۔ اگر کوئی بھی ان منصوبوں میں ایک پیسے کی بھی کرپشن ثابت کردے تو میں ہمیشہ کیلئے سیاست کو خیرباد کہہ دوں گااورآپ سے معافی مانگ لوں گا۔ آج کرپشن کے خلاف بات کرنے والے خان صاحب کے دائیں بائیں وہ افراد کھڑے ہیں جنہو ں نے اربوں روپے کے قرضے معاف کرائے ہیں اور لاہور کے اطراف میں اربوں روپے کی زمینوں پر قبضے کیے ہیں۔ عمران خان کو قرضے ہڑپ کرنے والے اور قبضہ مافیا کیوں نظر نہیں آتا؟ ترقی کے عمل کو روکنے اور اسلام آباد کو بند کرنے والوں کی ناپاک سازشیں ناکام ہوں گی اور وہ عام آدمی کی خوشحالی اور ملک کی ترقی کے سفر کو روکنے میں بری طرح ناکام ہوں گے۔وہ آج ایکسپوسنٹر میں پاکستان مسلم لیگ (ن)پنجاب انٹراپارٹی الیکشن میں بلامقابلہ صدر منتخب ہونے کے بعد صوبائی کونسل کے اجلاس سے انتہائی جوشیلے انداز میں خطاب کر رہے تھے۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں اللہ تعالیٰ کا شکرگزار ہوں اور کراچی سے پشاور تک اپنے بہن بھائیوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے نوازشریف کو کل بلامقابلہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کاصدر منتخب کیا اور انہیں پارٹی کی قیادت سونپی اور آج مجھے بلامقابلہ پنجاب کا صدر منتخب کرکے اپنے بھرپوراعتماد کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ محمد نوازشریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ(ن) آگے بڑھے گی اورعوامی خدمت کا سفر کامیابی سے طے کرے گی۔انہوں نے کہا کہ میں اللہ تعالیٰ اورعوام کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے مجھے ایک مرتبہ پھر مسلم لیگ(ن) پنجاب کی صدارت کی ذمہ داری سونپی ہے اور عوام نے مجھے خادم پنجاب کا عہدہ بھی دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان محمد نواشریف کی قیادت میں ملک ترقی وخوشحالی کاسفر تیزی سے طے کررہا ہے۔اگلے سال توانائی کے منصوبوں کی تکمیل سے بجلی کے اندھیرے چھٹ جائیں گے۔توانائی بحران کے خاتمے سے تعلیمی ادارے ،ہسپتال اورملک کاقریہ قریہ روشن ہوگا،زراعت ترقی کرے گی،اس سے بڑا انقلاب اور پاکستان کی خدمت کوئی اورہونہیں سکتی،تو ایسے میں اسلام آباد کو بند اورپاکستان کوجامد کرنے کی سازش کیوں؟ انہوں نے کہا کہ حکومتی پالیسیوں کے باعث معیشت مضبوط ہورہی ہے،روزگار کے لاکھوں نئے مواقع پیدا ہورہے ہیں۔تعلیم ،صحت ، زراعت و دیگر سماجی شعبے بہتری کی جانب گامزن ہیں تو ایسے میں ایک بار پھر دھرنوں ،ملک کوجامد کرنے اوراسلام آباد کو بند کرنے کی آوازیں آرہی ہیں۔ آج پاکستان کو بند کرنے اور ترقی کے عمل کو جامد کرنے کی سازشیں کی جا رہی ہیں۔ایسے عناصر صرف اور صرف ترقی کے عمل سے خائف ہیں کہ ملک سے اندھیرے ختم ہو رہے ہیں، توانائی کے منصوبوں پر شب و روز تیز رفتاری سے کام ہو رہا ہے، کاشتکار کو جو کہ ملک کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اس کی ترقی کیلئے تاریخی اقدامات کئے جا رہے ہیں، ان عناصر کے دھرنے صرف ترقی کے عمل کو روکنے کیلئے ہیں۔اگر اربوں ڈالر کے ترقیاقی منصوبوں میں ایک پیسے کی بھی کرپشن ثابت ہوجائے تو آپ کا ہاتھ اورمیرا گریبا ن ہوگا۔ ستم ظریقی دیکھئے کہ آج جو شخص کرپشن کی بات کر رہا ہے اس کے دائیں جانب قرضے معاف کرانے والا اور بائیں جانب قبضہ مافیا کا سرغنہ کھڑا ہے۔ یہی لوگ سی پیک کے خلاف ہیں۔ خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ نے سی پیک کے خلاف بات کرکے اس کا ثبوت دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین ہمارا مخلص دوست ہے اور آج کیا کوئی ایسی مثال ملتی ہے کہ کسی ملک نے پاکستان کی ترقی کیلئے 46 ارب ڈالر کا تاریخی پیکیج دیا ہو جس میں سے36 ارب ڈالر توانائی کے منصوبوں پر صرف کئے جا رہے ہیں۔۔انہوں نے کہا کہ میٹروٹرین جیسے فلاحی منصوبے کی مخالفت کے پیچھے بھی پی ٹی آئی ہے کیونکہ جب پنجاب حکومت نے سپریم کورٹ میں اپیل دائرکی تو پی ٹی آئی نے باضابطہ طورپر پارٹی بننے کی درخواست دی ۔کسی نے انہیں بتایا کہ اس طرح توپورا پنجاب ان کے خلاف ہوجائے گا تو پی ٹی آئی نے اپنی درخواست واپس لے لی۔اس وقت تک تیر کمان سے نکل چکا تھا اوران کے چہرے سے نقاب اتر چکا تھا ۔عوام جان چکے تھے کہ یہ پی ٹی آئی ہی ہے جو ہمارے بچوں ،اساتذہ،وکلاء،محنت کشوں،بیواؤں، یتیموں اورغریبوں کی سواری کی مخالفت کررہے ہیں ۔عوامی منصوبوں کی مخالفت کرنے والے کسی طورپر عوام کے خیر خواہ اور دوست نہیں ہوسکتے ۔انہوں نے کہا کہ عوام کی ترقی وخوشحالی کے منصوبوں اورعام آدمی کو محفوظ،باکفایت اورتیزرفتار سفری سہولتوں کی فراہمی کے منصوبے میٹروٹرین کی تکمیل کے لئے جان لڑا دوں گا۔عالمی معیار کی اس جدید سواری کی مخالفت کرنے والے عوام کے دوست نہیں،مجھے ترقی اورخوشحالی کے منصوبوں کی تکمیل کیلئے جان بھی دینا پڑی تو دے دوں گااورعوام کا ساتھ دوں گا۔اسلام آباد کو بند کرنے والے سیاسی عناصر پاکستان پر رحم کریں ۔انہو ں نے کہا کہ میں سپریم کورٹ سے ملتمس ہوں کہ وہ فل کورٹ بٹھائے اور الزامات کا جائزہ لے اور اگر کرپشن کے خلاف شورمچانے والے خان صاحب میرے یا میرے قائد محمد نوازشریف کے خلاف کرپشن کے ثبوت لے آئیں تو میں ساری عمر کیلئے سیاست کو خداحافظ کہہ دوں گااور عوام سے معافی مانگ لوں گااوراگر ان کیخلاف قرضے ہڑپ کرنے،زمینوں پر قبضے کرنے،باہر جائیدادیں بنانے اورالیکشن کمیشن کو نہ بتانے کے ثبوت ثابت ہوگئے تو پھر سپریم کورٹ خود ہی فیصلہ کردے۔سی پیک پاکستان کے عوام کی ترقی کامنصوبہ ہے لیکن پی ٹی آئی اس کی بھی مخالفت کررہی ہے اوراس سیاسی جماعت کے کے پی کے کے وزیراعلیٰ سی پیک کیخلاف بیانات دے رہے ہیں۔پاکستان وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں ترقی کرسفر کامیابی سے طے کریگا۔ملک سے اندھیرے چھٹ جائیں گے اور پاکستان بین الاقوامی برادری میں اپنا کھویا ہوا مقام ضرور حاصل کرے گا۔صوبائی وزیر محنت راجہ اشفاق سرورنے صوبائی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کارکنوں کی قربانیوں کو زبردست انداز میں خراج تحسین پیش کیا ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے دن رات محنت سے کام کر کے پارٹی کارکنوں کے فیصلے کودرست ثابت کردیا ہے جو انہوں نے 2012ء انہیں مسلم لیگ(ن) پنجاب کا صدر منتخب کرنے کے حوالے سے دیا تھا۔وفاقی و زیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید ،وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات احسن اقبال،صوبائی وزراء ،اراکین قومی و صوبائی اسمبلی،مسلم لیگ (ن) کے عہدیداران اورمسلم لیگ(ن) کی صوبائی کونسل کے ممبران کی بڑی تعداد نے اجلاس میں شرکت کی ۔

مزید :

صفحہ اول -